افغانستان بگرام ایئربیس پر طالبان کا حملہ 4 امریکی فوجی ہلاک

بگرام کا وسیع وعریض ہوائی اڈہ کابل کےشمال میں47 کلومیٹرکےفاصلے پر واقع ہے، امریکی طیاروں کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے.


AFP/Net News June 20, 2013
بگرام بیس پر طالبان کے حملے کے بعد افغان نیشنل آرمی کے سپاہی الرٹ کھڑے ہیں، گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بگرام ایئربیس پر حملے کے نتیجے میں 4 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔

بدھ کو عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت دفاع نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں بگرام ایئر بیس پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 4 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف ایساف ترجمان نے اپنے ایک بیان میں حملے میں نیٹواہلکاروں کی ہلاکتوں کی تصدیق تو کی ہے البتہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شہریت نہیں بتائی۔ بگرام بیس پر حملے کا واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی افواج نے افغانستان میں تمام تر سکیورٹی کی ذمے داری ایک روزقبل افغان فورسز کے حوالے کی ہیں۔



طالبان نے افغانستان میں کل رات گئے بگرام ہوائی اڈے پر حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے، جس میں امریکی حکام کے مطابق چار امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے، یہ حملہ واشنگٹن میں امریکی حکام کے اس بیان کے بعد کیا گیا تھا، جس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ افغان باغیوں کے ساتھ مذاکرات کرنے جارہے ہیں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ ''گزشتہ رات دو بڑے راکٹ بگرام ہوائی اڈے پر داغے گئے، جس سے چار فوجی ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔

دوسری جانب امریکا کے محکمہ دفاع کے حکام نے تسلیم کیا تھا کہ گزشتہ روز افغانستان میں بگرام کے ہوائی اڈّے پر باغیوں کی جانب سے کیے گئے حملے کے نتیجے میں چار امریکی ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایک عہدے دار نے اپنے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر یہ بتایا کہ یہ ہلاکتیں باغیوں کے مارٹر گولوں یا راکٹوں کے بالواسطہ فائر سے ہوئیں۔ واضح رہے کہ طالبان کے حملے کے کئی گھنٹوں کے بعد ہلاکتوں کی رپورٹ سامنے آسکی۔ یاد رہے کہ بگرام کا وسیع و عریض ہوائی اڈہ کابل کے شمال میں 47 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور امریکی طیاروں کے لیے ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں