اشتعال انگیزتقریرکیس فاروق ستار پر فرد جرم عائد

کمرہ عدالت میں ملزمان کا یک زبان ہوکر صحتِ جرم سے انکار


ویب ڈیسک November 03, 2018
ملزمان میں قمر منصور، شاہد پاشا، گلفراز خٹک، ساتھی ایم اسحاق اور محفوظ یارخان بھی شامل ہیں۔ فوٹو: فائل

عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کیس میں فاروق ستار اور عامر خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر، قتل، بغاوت اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کے مقدمات کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران فاروق ستار کے علاوہ عامر خان اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے فاروق ستارسمیت 60 ملزمان پردو مقدمات میں فرد جرم عائد کردی۔ فرد جرم کے مطابق مقدمے میں مفرور ایم کیو ایم کے بانی نے 22 اگست 2016 کو کراچی پریس کلب کے باہر اشتعال انگیزتقریر کی، ملزمان نے اس تقریرمیں سہولت کاری کی، تقریر میں ملکی سالمیت اور ملکی بغاوت کا اعلان کیا گیا، ایم کیو ایم کے بانی نے نجی ٹی وی چینلز کے دفاتر پر حملہ کرنے کا بھی کہا۔

عدالت نے ملزمان سے استفسار کیا کہ کیا آپ لوگوں نے یہ سنا جس پرکمرہ عدالت میں موجود تمام ملزمان نے بیک وقت صحتِ جرم سے انکار کیا، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کچھ تو خدا کا خوف کریں اورسچ بولیں کیا ایسا کچھ نہیں کہا جس پر ملزمان نے ایک بار پھر دہرایا کہ ہم نے ایسا کچھ نہیں سنا۔

واضح رہے کہ 22 اگست سے قبل ایم کیو ایم کے بانی نے پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران ملک کے اداروں کے خلاف اشتعال انگیز باتیں کی تھیں جس پران سمیت کئی دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں