مصر میں مسیحیوں کو مقدس مقام پر لے جانے والی بس پر فائرنگ سے 9 افراد ہلاک

مسافر بس مسیحیوں کے مقدس مقام سینٹ سیموئیل قبطی گرجا گھر جا رہی تھی

مسافر بس مسیح افراد کو سینٹ سیموئیل چرچ کے مقدس مقام پر لے کے جا رہی تھی۔ فوٹو : رائٹرز

لاہور:
مصر میں مسیح افراد کو مقدس مقام پر لے جانے والی بس پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کے جنوبی شہر منیا میں سینٹ سیموئیل قبطی گرجا گھر کے قریب مسافر بس پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 9 مسافر ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔ بس میں 23 سے زائد افراد سوار تھے۔


مسافر بس مسیحی افراد کو سینٹ سیموئل چرچ لے جا رہی تھی جہاں عیسائیوں کا ایک مقدس مقام بھی ہے اور ہر سال بڑی تعداد میں مسیح افراد اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے اس چرچ کا رخ کرتے ہیں۔ سینٹ سیموئیل چرچ کے بشپ نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کردی۔

انتہا پسند پسند جماعت داعش کی ترجمان ویب سائیٹ پر مسیحیوں کی بس پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے تاہم حملے سے متعلق کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے ہیں جس سے داعش کے دعوی کی تصدیق ہوسکے۔

واضح رہے کہ مئی 2017 میں بھی مسیحی افراد کو سینیٹ سیموئیل کوپٹک چرچ لے جانے والی بس پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
Load Next Story