عمران کا خطاب اور نثار کا جواب ذمے دارانہ تھاسیاسی تجزیہ کار

2 دوستوں کا فرینڈلی میچ تھا، نثار نے عمران خان کو ناک آئوٹ کردیا، صحافیوں کے تبصرے


June 20, 2013
2 دوستوں کا فرینڈلی میچ تھا، نثار نے عمران خان کو ناک آئوٹ کردیا، صحافیوں کے تبصرے فوٹو : ایکسپریس

قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے پرکیے گئے خطاب اور وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کے جوابی خطاب کوسیاسی تجزیہ کاروں اورسینئرصحافیوں نے انتہائی ذمے دارانہ قراردیا۔

چوہدری نثار نے عمران خان کے خطاب کے زیادہ ترنکات کونہ صرف جوابی تقریرمیں سراہا بلکہ ان کی طرف سے کیے گئے بہت سے مطالبات پرفوری عمل کرنے کا بھی اعلان کیا ، پریس گیلری میں صحافیوں نے اس پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثارنے عمران خان کوناک آئوٹ کردیا جبکہ کئی نے اسے 2 دوستوں کا فرینڈلی میچ قراردیا، تفصیلات کے مطابق عمران خان نے اپنی تقریر میں انتخابی مہم کے دوران ن لیگ سے اپنی تلخیوں کوبھلاتے ہوئے انتہائی ذمے داری اورسلجھے ہوئے لہجے میں خطاب کیا۔



چوہدری نثار علی خان نے دھاندلی کی شکایت پرعمران خان کی بات کا جواب دیا تونہ صرف ن لیگ کے ارکان نے زبردست ڈیسک بجائے بلکہ تحریک انصاف کے ڈاکٹر اظہر جدون نے بھی ڈیسک بجاکرانھیں داددی۔ دریں اثنا پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مخدوم شاہ محمود قریشی نے عمران خان کے قومی اسمبلی میں خطاب کو مدبرانہ اور مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے خطاب میں ملک کو درپیش مسائل کا حل تجویز کیا ہے، شیخ رشید احمد نے عمران خان کے قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد پہلے خطاب کو جذبہ حب الوطنی کا مظہرقرار دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں