ٹی 10 بھی کرکٹ میں مقام بنائے گی محسن خان

بورڈ میں نہ جاتا تو لیگ کا حصہ بنتا، کراچی ٹیم کے ترانے اور جرسی کی رونمائی میں خطاب


Sports Reporter November 04, 2018
بورڈ میں نہ جاتا تو لیگ کا حصہ بنتا، کراچی ٹیم کے ترانے اور جرسی کی رونمائی میں خطاب۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین وسابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹی ٹین کرکٹ بھی اپنا مقام بنائے گی۔

لیگ میں شامل نئی ٹیم کراچینز کے ترانے اور جرسی کی تقریب رونمائی سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے سابق چیف سلیکٹر و قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ نے کہا کہ توقع ہے کہ اگلی ٹین ٹین لیگ کے بیشتر مقابلے پاکستان میں ہوں گے، ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل کے پاکستان میں انعقاد سے فائدہ ہوگا، امید ہے کہ پی سی بی کے سربراہ احسان مانی بھی اس جدید طرز کی کرکٹ کوسپورٹ کریں گے، انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی طرح یہ لیگ بھی اچھی انٹر ٹینمنٹ ہوگی، ایسے مقابلوں میں اسپانسرزکی بہت اہمیت ہے۔

محسن حسن خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سابق کرکٹر ہونے کے ناطے کھیلوں سے گہری رغبت رکھتے اورملک میں کرکٹ کوتقویت دینا چاہتے ہیں، افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں کرکٹ اکیڈمیز اپنا کردار ادا نہیں کر سکیں اوروہ کوئی ایک معیاری کھلاڑی بھی سامنے نہ لاسکیں، کرکٹ کمیٹی کے تحت کرکٹ کو دوام بخشا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دیں گے، انڈر 16 کی بجائے اب گراس روڈ پر کام کرتے ہوئے انڈر13 کرکٹرز کو چن کر انھیں تربیت فراہم کرکے مستقبل کے اسٹار کرکٹرز سامنے لانے کی کوشش کی جائے گی، پاکستان میں ویمن کرکٹ کو بھی تقویت دینے کے لیے پروگرام مرتب کیا جارہا ہے،کمیٹی کرکٹ کی بہتری کے لیے بورڈ کو مناسب تجاویش پیش کرے گی،میں اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے میرٹ کے معاملہ پرکوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔


محسن خان نے ایک بار پھر اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے مت کھیلیں بلکہ پاکستان کے لیے کھیلیں، انھوں نے کہا کہ مجھے کراچی سے اپنے تعلق پر فخر ہے، اس شہر نے پاکستان کو عالمی پائے کے کرکٹرز فراہم کیے جن میں حنیف محمد کا نام سر فہرست ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں