چین کی پاکستان میں فرنیچر کے کارخانے لگانے میں دلچسپی

چینی فرنیچر ساز ادارے پاکستان میں فرنیچر کے شو رومز بھی کھولنا چاہتے ہیں، میاں کاشف


APP November 04, 2018
چینی فرنیچر ساز ادارے پاکستان میں فرنیچر کے شو رومز بھی کھولنا چاہتے ہیں، میاں کاشف۔ فوٹو: فائل

چین کے فرنیچر تیار کرنے والے ادارے پاکستانی اداروں کی شراکت سے ملک میں فرنیچر کی تیاری کے کارخانے لگانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، پاکستان میں فرنیچر کی تیاری کے ساتھ ساتھ وہ چین کے مختلف شہروں میں پاکستان میں تیار کیے گئے فرنیچر کے شو رومز بھی کھولنا چاہتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان فرنیچر کی تجارت کو فروغ حاصل ہو گا۔

پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے شنگھائی سے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور چین عظیم اقتصادی تعاون کی جانب بڑھ رہے ہیں، ہمسایہ ممالک کے دوطرفہ رابطوں کے فروغ کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے دوران پاکستان فرنیچر کونسل کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی چین گیا ہے تاکہ تجارت اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھایا جا سکے۔

چین کے ساتھ اقتصادی رابطوں میں اضافے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے کردار کو سراہتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم کا چین میں پرتپاک استقبال کیا گیا اور پی ٹی آئی کی حکومت سنبھالنے کے بعد چین میں ایک مثبت تاثر ابھرا ہے کہ حکومت پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کے لیے اقدام کر رہی ہے اور چینی سرمایہ کار فرنیچر سمیت قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبہ شروع کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔

میاں کاشف نے کہا کہ چین پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ہر طرح کی معاونت فراہم کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ فرنیچر ساز پاکستانی ادارے نئی ایجادات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ روایتی اور ہاتھ سے تیار کیے جانے والے فرنیچر کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرا رہے ہیں۔ ہم اپنی برآمدات کو تنوع دینا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے ہم فرنیچر کی صنعت کے فروغ کے لیے نئے شراکت داروں کو ساتھ ملا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان سالانہ8 سے 12 ملین ڈالرز کا فرنیچر برآمد کرتا ہے لیکن یہ صنعت کی استعداد سے کہیں کم ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |