ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش ہورہی ہےمتحدہ

گینگ وارکے دہشت گردوں کی کارروائیوں سے عوام عدم تحفظ کا شکارہیں، رابطہ کمیٹی


Express Desk August 18, 2012
گینگ وارکے دہشت گردوں کی کارروائیوں سے عوام عدم تحفظ کا شکارہیں، رابطہ کمیٹی۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے خیبر پختونخوا، گلگت میں دہشت گردوں کے ہاتھوں تین بسوں کے مسافروں کو بیدردی سے فائرنگ کرکے شہید کرنے اور کراچی میں سفاری پارک کے قریب ایک بس میں دھماکے کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان واقعات کو فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی گھنائونی سازش قراردیاہے۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بسوں سے مسافروں کواتارکربیدردی سے فائرنگ کرکے شہیدکردیاگیا اور آج کراچی میں سفاری پارک پرایک بس کو نشانہ بنایا گیا جو ایک منظم سازش کاحصہ ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل وغارت گری کھلی دہشت گردی ہے اور اس میںملوث سفاک دہشت گرد نہ صرف مذموم عزائم رکھتے ہیں بلکہ فرقہ واریت کی بنیاد پر دہشت گردی کرکے اتحادبین المسلمین کی فضاکو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

رابطہ کمیٹی نے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے تمام افرادکے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا،رابطہ کمیٹی نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی اشتعال انگیز واقعے پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور ماضی کی طرح اتحاد کا بھر پور مظاہرہ کرکے فرقہ وارانہ فسادات کی گھنائونی سازش کو ناکام بنادیں۔رابطہ کمیٹی نے صدر ، وزیراعظم ، وزیر داخلہ ودیگرسے مطالبہ کیاکہ بے گناہ افراد کے بہیمانہ قتل اور بس میںبم دھماکے کاسختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میںملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے سزا دی جائے ۔

علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم اورنگی ٹائون کے کارکن سید فرحان احمد گیلانی کی شہادت اور ایم کیوایم لیاقت آباد سیکٹر کے ہمدرد مشہود احمد (دانش )کے گینگ وار کے دہشت گردوں کے ہاتھوں اغوا کے بعد بہیمانہ قتل کا سختی سے نوٹس لیاجائے،رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہرمیں ڈکیت گروہوں اور جرائم پیشہ گینگ وارکے دہشت گردوں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں سے عوام جان و مال کے عدم تحفظ کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں