ن لیگ سمیت تمام جماعتوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں فاروق ستار

حکومت چھوڑی تو کراچی میں مزید بدامنی پیدا ہوگی، پروگرام ’’ٹودی پوائنٹ‘‘ میں گفتگو


Monitoring Desk August 18, 2012
حکومت چھوڑی تو کراچی میں مزید بدامنی پیدا ہوگی، پروگرام ’’ٹودی پوائنٹ‘‘ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہاہے کہ ایم کیو ایم بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ کو ہرگز سپورٹ نہیں کرتی،آج ملک کی جو حالت ہے اس میں قومی یکجہتی کی بہت اشد ضرورت ہے اس سے قبل یکجہتی کی اتنی ضرورت کبھی نہیں رہی ۔پروگرام ٹودی پوائنٹ میں اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پر 1990 میں بھتہ خوری کا الزام لگا کرتا تھا یہ اس وقت بھی غلط تھا اور اب سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ ایم کیو ایم بھتہ خوری میں ملوث ہو،بھتہ خوری کی پرچیاں غلط استعمال ہوسکتی ہیں لیکن جو لوگ یہ کررہے ہیں ان کا ہماری پارٹی سے کوئی تعلق نہیں،اگرحکومت کی طرف سے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے کوئی بات کردی جاتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ بات سچ ہی ہو۔

ایم کیو ایم نے کئی مرتبہ اقتدار چھوڑا اور کئی مرتبہ حکومت میں رہی اور ہمیشہ یہی کوشش کی ہے کہ عوام کو ڈلیور کریں،ایم کیو ایم کے خلاف بدترین آپریشنز بھی ہوئے ہیں ہمارے خلاف اسٹیبلشمنٹ نے کئی مقدمات بھی بنوائے ۔ ایم کیو ایم یہ چاہتی ہے کہ تمام ادارے آئین میں رہ کر کام کریں اور الطاف بھائی نے بھی ہمیشہ یہی کہا ہے کہ ادارے آئین کی حدود میں رہیں اور ملک کی بہتری کے لیے کام کریں۔حکومت میں رہنے کے باوجود چارسال سے منتظر ہوں کہ ہماری کسی پالیسی پر اختلاف کریں لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا۔

ایم کیو ایم کسی بھی شرپسند کو سپورٹ نہیں کرتی ۔ایم کیوایم کی خواہش ہے کہ مسلم لیگ ن سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے اچھے تعلقات قائم ہوں تاکہ ملک کو درپیش مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے ۔ہر سیاسی جماعت میں کچھ اچھے اور برے لوگ ہوسکتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ساری جماعت چند لوگوں کے ہی مرہون منت ہو۔حکومت وقت کی مجبوری ہے کہ ایم کیوایم کے ہاتھ پائوں باندھ کر رکھے کیونکہ ایم کیوایم اگر پرامن احتجاج بھی کرتی ہے تو بین الاقوامی سطح پر اس کا ذکر ہوجاتا ہے ۔اگر ایم کیو ایم حکومت سے باہر آجاتی ہے تو کراچی میں مزید بدامنی پیدا ہوگی،دیگر حریف سیاسی جماعتیں ہماری مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں