سعودی شہزادہ خالد بن طلال ایک سال کی قید کے بعد رہا

ولی عہد کو تنقید کا نشانہ بنانے پر شہزادہ خالد کو گرفتار کیا گیا تھا


ویب ڈیسک November 04, 2018
شہزادہ خالد بن طلال کو گزشتہ برس نومبر ہی میں حراست میں لیا گیا تھا۔ فوٹو : فائل

WASHINGTON/LYNCHBURG,: سعودی شہزادے خالد بن طلال ایک سال کے بعد جبری قید سے رہا ہو کر بحفاظت اپنے اہل خانہ کے پاس پہنچ گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے بھتیجے شہزادہ خالد بن طلال ایک سال قید میں رہنے کے بعد بحفاظت اپنے گھر پہنچ گئے۔ اہل خانہ نے شہزادے کی رہائی کی تصدیق کی ہے تاہم سعودی حکومت کی جانب سے تاحال تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہزادی ریم بنت الولید نے خالد بن طلال کی اہل خانہ کے ہمراہ تصاویر شیئر کی ہیں جس میں وہ با اعتماد اور پُر مسرت نظر آرہے ہیں اور اپنے بیٹے کو گلے لگا رہے ہیں جو کافی برسوں سے کوما میں ہے۔ شہزادہ خالد بن طلال کے بھائی ولید بن طلال کو بھی کچھ عرصے قبل ہی رہا کیا گیا تھا۔



گزشتہ برس نومبر میں ولی عہد محمد بن سلمان کے مخالف شہزادوں اور حکومتی افسران سمیت 600 سے زائد افراد کو کرپشن الزامات میں حراست میں لیا گیا تھا جس پر شہزادہ خالد بن طلال نے حکومت پر شدید تنقید کی تھی۔

بعد ازاں کرپشن الزام میں زیر حراست ارب پتی شہزادے ولید بن طلال حکومت سے ڈیل طے پانے کے بعد رہا ہو کر آگئے تھے تاہم ان کی گرفتاری پر تنقید کرنے والے بھائی خالد بن طلال کو رہا نہیں کیا گیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں