امریکا میں تیز رفتار ٹرک نے مرکزی شاہراہ کی صفائی مہم میں مصروف 3 ماحول دوست طالبات اور ایک استانی کو کچل دیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ریاست وسکونسن کی مرکزی شاہراہ پر مقامی اسکول کی طالبات اپنے اساتذہ کے ہمراہ صفائی مہم کے تحت کچرا اُٹھا رہی تھیں کہ تیز رفتار ٹرک کی زد میں آگئیں۔
حادثے میں 3 طالبات اور ایک خاتون ٹیچر موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں جب کہ ایک طالبہ شدید زخمی ہے۔ حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمی طالبہ کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا ہے تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جس کی شناخت 21 سالہ کولٹن ٹریو کے نام سے ہوئی ہے اور وہ قریبی جھیل کے علاقے چھی پیوا فالز کا رہائشی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مشترکہ تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ملزم کے آبائی علاقے میں چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزم کو جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔