فواد چوہدری کی سندھ حکومت گرانے کی بات کرنا جمہوریت دشمنی ہے پیپلزپارٹی

فواد چوہدری فساد چوہدری نہ بنیں، سعید غنی

سندھ حکومت "مہمان " ہونے کی بات سے پی ٹی آئی کی سازش بے نقاب ہوئی ہے، ترجمان پیپلزپارٹی سندھ،

پیپلزپارٹی نے وفاقی وزیراطلاعات کے سندھ حکومت سے متعلق بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت گرانے کی بات کرنا جمہوریت دشمنی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ سندھ میں غنڈہ راج ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے جب کہ پی پی پی کی فرسودہ سیاست ہے جس کی امین آصف زرداری کی پارٹی ہے۔

وفاقی وزیر کے بیانات پر پیپلزپارٹی سندھ کے ترجمان عاجز دھامرہ نے کہا کہ فواد چوہدری ساتھ ہے تو عمران خان کو دوسرے دشمن کی ضرورت نہیں جب کہ سندھ حکومت گرانے کی بات کرنا جمہوریت دشمنی ہے اور پیپلزپارٹی کی جمہوریت پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، فواد چوہدری نے سندھ کے ووٹرز کی توہین کی ہے۔


یہ بھی پڑھیں: سندھ میں غنڈہ راج ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے، فواد چوہدری

ترجمان نے کہا کہ سندھ حکومت "مہمان " ہونے کی بات سے پی ٹی آئی کی سازش بے نقاب ہوئی ہے، فواد چودھری یہ بتائیں کہ وفاقی حکومت کتنے دن کی مہمان ہے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری فساد چوہدری نہ بنیں،فواد چوہدری کان کھول کر سن لیں صوبے خود مختار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین دن وفاق یرغمال رہا فواد چوہدری کہاں تھے جب کہ عدلیہ اور فوج کو گالیاں دینے والوں کے سامنے نیازی نے ہتھیار ڈال دیئے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ کراچی کا مینڈیٹ چوری کرکے نیازی کی گود میں ڈال دیا گیا اور قومی اسمبلی کا کورم ٹوٹنا نیازی حکومت کے لیے باعث شرم ہے۔
Load Next Story