حکومت اور دھرنا قائدین میں مذاکرات کامیاب احتجاج ختم

رحمت اللعالمینؐ کے نام پر عام شہریوں پر ظلم و ستم اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قابل تشویش ہے

رحمت اللعالمینؐ کے نام پر عام شہریوں پر ظلم و ستم اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قابل تشویش ہے۔ فوٹو: فائل

تین دن تک ملک کے مختلف شہروں میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے بعد بالآخر حکومت اور احتجاجی مظاہرین کے قائدین کے مابین مذاکرات کامیاب قرار پائے اور احتجاج و دھرنا ختم کردیا گیا، جو عوام کے لیے خوشخبری اور ملکی معیشت کے لیے خوش آیند ہے کیونکہ ان تین دنوں میں نہ صرف عوام کو ذہنی اذیت و کوفت سے دوچار ہونا پڑا بلکہ شہروں کی بندش کے باعث معیشت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ تاجروں کے مطابق صرف کراچی کی تجارت کو تقریباً دس ارب روپے کا نقصان ہوا۔ دوسری جانب احتجاج میں پرتشدد عنصر شامل ہونے کے بعد کئی شہروں میں جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کے مظاہر بھی سامنے آئے جو کہ قابل مذمت ہیں۔


رحمت اللعالمینؐ کے نام پر عام شہریوں پر ظلم و ستم اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قابل تشویش ہے۔ ملک میں تین روز جاری رہنے والے احتجاج کے دوران دکانیں، بڑی مارکیٹیں، تعلیمی ادارے بند رہے، ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا، بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ غائب جب کہ چوراہوں اور سڑکوں پر دھرنے کے باعث پرائیوٹ گاڑیوں کو بھی آمدورفت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ پنجاب کے اکثر علاقوں میں موبائل سروس بند بھی رہی۔ حکومتی زعما، سیاستدانوں اور عوام کے مدنظر ملکی سلامتی مقدم رہنی چاہیے۔ کسی بھی معاملے کو سیاست یا تشدد کی نذر کرنے سے پہلے اس کے مضر پہلوؤں کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ قانونی اور اخلاقی راہوں کا چناؤ ہی راست اقدام ہے۔
Load Next Story