خصوصی بچوں کو انٹرمیڈیٹ تک مفت تعلیم دینے کا فیصلہ

ایسے بچوں کی حوصلہ افزائی ہر شہری کا فرض ہے، حکومت انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے

صوبائی سیکریٹری خصوصی تعلیم عبدالعلیم میمن نے کہا کہ اسپیشل بچوں کی مفت تعلیم میٹرک سے بڑھا کر انٹرمیڈیٹ تک کی جارہی ہے۔ فوٹو: فائل

صوبائی سیکریٹری خصوصی تعلیم عبدالعلیم میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دے کر انہیں معاشرے کے لیے کارآمد شہری بنانے کے لیے کوشاںہے۔

میرپورخاص میں خصوصی بچوں میں چیک، مفت یونیفارم، درسی کتب، کاپیاں اور اسٹیشنری باکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے تحت صوبے بھر میں 48 اسپیشل سینٹر چل رہے ہیں، ہمیں خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے بچوں میں مفت درسی کتب، کاپیاں، اسٹیشنری باکس، یونیفارم اور2200 روپے فی کس کے حساب سے 28 بچوں میں چیک تقسیم کیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپیشل بچوں میں بیماریوں، احتیاطی تدابیر، علاج اور ان بچوں کی اہمیت اجاگر کرنے سے متعلق سندھ بھر میں ضلعی سطح پر سیمینار کرائے جارہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسپیشل بچوں کی مفت تعلیم میٹرک سے بڑھا کر انٹرمیڈیٹ تک کی جارہی ہے۔




جس کے تحت سندھ بھر میں یکساں تعلیم دی جائے گی۔ اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن میرپورخاص عاشق سہریانی، ریجنل ڈائریکٹرکراچی خالد سلیمان خاصخیلی، میرپورخاص سینٹرکے انچارج جھامن داس، صحافی اور خصوصی بچے بڑی تعداد میں موجود تھے۔ بعد ازاں سیکریٹری نے گاما اسٹیڈیم میں قائم میرپورخاص اسپیشل اسپورٹس ایسوسی ایشن کا دورہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سینٹر کے لیے گاڑی کی سہولت اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
Load Next Story