ٹائلز مینوفیکچررز کی ہر ڈبے پر ریٹیل قیمت لکھنے سے معذرت

روزانہ مختلف اقسام تیار کرتے ہیں، ریٹیل قیمت کیسے لکھیں، درآمدی ٹائلز سے مسابقت مشکل ہوگی


Business Reporter June 21, 2013
تجویز تباہ کن ہے، ایف بی آر کو خط، شعبے کے نمائندے آج چیئرمین انصر جاوید سے بھی ملیں گے۔ فوٹو: فائل

آل پاکستان سیرامک ٹائلز مینوفیکچررز نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے اپیل کی ہے کہ انڈسٹری کو سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تیسرے شیڈول میں شامل نہ کیا جائے۔

اس حوالے سے انڈسٹری کے نمائندے چیئرمین ایف بی آرانصر جاوید سے جمعہ کو ملاقات بھی کررہے ہیں۔ قبل ازیں انڈسٹری کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر کو ایک خط میں بجٹ کے حوالے سے اہم مسائل کی طرف توجہ دلائی گئی جس کے پاکستان کی سیرامک اور ٹائلز انڈسٹری پر تباہ کن نتائج مرتب ہونگے۔

ایف بی آر نے سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تیسرے شیڈول کیلیے ٹائلز انڈسٹری کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی ہے اور اس بات کو بھی لازمی بنایا گیا ہے کہ ٹائلز کے ہر ڈبے پر ریٹیل قیمت درج کی جائے، ان سفارشات کے اثرات انڈسٹری کی بقا کیلیے انتہائی منفی ثابت ہوں گے۔



خط میں استدعا کی گئی ہے کہ ان تجاویز پر حتمی فیصلے سے قبل مختلف پہلوؤں پر غور کیا جائے، مینوفیکچررز کو روزانہ کی بنیاد پر مختلف ڈیزائن اور اقسام تیار کرنی ہوتی ہیں تاکہ مارکیٹ میں درآمدی ٹائلز سے مقابلہ کیا جا سکے، درآمدکنندگان مختلف ممالک بشمول چین، اسپین، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ملائیشیا، ایران سے ٹائلز درآمد کرتے ہیں لیکن مجوزہ ترمیم کے ذریعے ایف بی آر کی یہ کوشش ہے کہ صرف مقامی مینوفیکچررز سے ریٹیل کی سطح پر ٹیکس وصول کیاجائے تاہم تجارتی درآمدکنندگان سے ریٹیل قیمت پر سیلز ٹیکس نہیں لیا جائیگا۔

خط میں کہا گیا کہ ایف بی آر کو یہ سمجھنا چاہیے کہ سیرامک ٹائل انڈسٹری میں قیمتوں کو تمام صارفین کیلیے متعین نہیں کیا جاسکتا کیونکہ صارفین مختلف ڈسکاؤنٹ بشمول کارپوریٹ ڈسکاؤنٹ، بڑی تعداد میں خریداری پر ڈسکاؤنٹ، علاقے کی سطح پر ڈسکاؤنٹ اور کیش ڈسکاؤنٹ وغیرہ کا مطالبہ کرتے ہیں، مینوفیکچررز صارفین کوڈسکاؤنٹ فراہم کرتے ہیں تاکہ انہیں مستقلاً گاہک بنایا جاسکے، اگر سیرامک اور ٹائلز کو تھرڈ شیڈول میں رکھا گیا تو مختلف ڈسکاؤنٹ اور سیلز ٹیکس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر ٹیکس ڈپارٹمنٹ اور مینوفیکچررز کے مابین پیچیدگیاں اور مسائل پیدا ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔