کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام لاکھوں شہری پھنس گئے

صدر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن اور ناتھا خان پل پر گڑھے کی بھرائی ٹریفک جام کی اہم وجہ ہیں


ویب ڈیسک November 05, 2018
آئی جی سندھ کی کراچی میں ٹریفک جام کو کلیئر کرانے کی ہدایات. :فوٹو:فائل

شہر قائد کی مختلف سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام سے لاکھوں شہری پھنس گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دفاتر، دکانوں سے چھٹی کرکے گھر جانے والے افراد پھنس کر رہ گئے۔ شہر کے تجارتی اور مرکزی علاقے صدر، لکی اسٹار، نمائش چورنگی، ایمپریس مارکیٹ، شارع فیصل ، آئی آئی چندریگر روڈ، کارساز اور ائیر پورٹ پر ہزاروں گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنس گئیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ناتھا خان برج پر گڑھا بھرنے کا کام شروع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ایئرپورٹ جانے والے ٹریک پر ٹریفک دباؤ ہے، جب کہ صدر کے اطراف میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے باعث ٹریفک جام ہے۔

اطلاعات کے مطابق شاہراہ فیصل میٹرو پول ہوٹل سے لے کر ڈرگ روڈ تک گاڑیاں آہستہ آہستہ سفر کررہی ہیں۔ اس طرح ڈالمیا سے لے کر جوہر چورنگی اور وہاں سے کامران چورنگی تک گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

دوسری جانب آئی جی سندھ سید کلیم امام نے ٹریفک جام کے حوالے سے احکامات جاری کرتے ہوئے افسران کو مراسلہ لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی ٹریفک کی روانی کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں، سیکشن افسران ٹریفک دباؤ میں آنے والی سڑکیں کلیئر کرائیں، متبادل روٹس پر ٹریفک اہلکاروں کو تعینات کیا جائے اور تھانہ پولیس اور ٹریفک پولیس باہم اشتراک سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں جب کہ زونل ڈی آئی جیز ٹریفک پولیس سے ہرممکن تعاون کو یقینی بنائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں