دودھ مرغی اور مہنگا آٹا فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری

گراں فروشی کا ریکٹ ختم کردینگے، تھوک فروشوں،فارمرز اورفلورملزمالکان کیخلاف بھی کارروائی کررہے ہیں،شعیب صدیقی


Business Reporter June 21, 2013
گراں فروشی کا ریکٹ ختم کردینگے، تھوک فروشوں،فارمرز اورفلورملزمالکان کیخلاف بھی کارروائی کررہے ہیں،شعیب صدیقی فوٹو: فائل

LONDON: گراں فروشوں کیخلاف جاری کارروائی کے سبب شہر کے 50فیصد سے زائد مرغی فروشوں نے مرغی کی فروخت بند کردی ہے۔

دوسری جانب کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ صارفین کے مفاد میں قانون کی خلاف ورزی کرنیو الے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ کار مزید وسیع ہوگا اور مصنوعی بحران کی آڑ میں گراں فروشی کرنے والے ریکٹ کو ختم کرکے دم لیں گے، کمشنر ہائوس میں صارفین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ دودھ، مرغی اور مہنگا آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے اور ریٹیلرز کے ساتھ تھوک فروشوں اور فارمرز فلور ملز مالکان کے خلاف بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں شہر میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی آپریشن جاری ہے اور چھپائی گئی گندم آٹا اور مرغیاں برآمد کرکے بازار میں لائی جارہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ انتظامیہ کا فرض ہے کہ قانون کو لاگو کیا جائے پولٹری انڈسٹری کے نمائندوں سے رضاکارانہ قیمتیں کم کرنے کی اپیل کی گئی تاہم قیمت میں کمی کی یقین دہانی کے برعکس قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری رہا جس پر صارفین اور میڈیا کے ذریعے ملنے والی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سرکاری سطح پر ریٹ مقرر کیے گئے۔



انھوں نے کہا کہ سرکاری نرخ پر عمل درآمد کے لیے کی جانے والی کوششوں کو پذیرائی مل رہی ہے جس سے پرائس کنٹرول کے عزم کو بھی تقویت ملی ہے اور اب گراں فروشوں کے خلاف جاری کارروائی کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ پولٹری انڈسٹری کی جانب سے کیا جانے والا یہ دعوی قطعی غلط ہے کہ مرغی کی قیمت پر پرافیٹیئرنگ اینڈ ہورڈنگ ایکٹ کا اطلاق نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ غریب عوام کا درد رکھنے والے تاجروں سے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں کمشنر کراچی نے بتایا کہ پولٹری کے ساتھ ڈیری سیکٹر کی بھی مکمل سپلائی چین کے خلاف ایکشن کیا جارہا ہے بھینس کالونی کے ساتھ لی مارکیٹ کی تھوک منڈی میں بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں،کمشنر کراچی نے میڈیا اور صارف انجمنوں پر زور دیا کہ وہ گراں فروشی کے خلاف جاری مہم میں انتظامیہ کی مدد کریں، کنزیومر رائٹس کونسل کے کوآرڈینیٹر عباس بادامی نے بتایا کہ کنزیومر رائٹس کونسل کا شکایتی سیل ہفتے کے سات دن 24گھنٹے کام کررہا ہے جس پر 35662222پر شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں، انھوں نے بتایا کہ صارفین کی آگہی اور رہنمائی کے لیے جمعہ سے شہر کے تمام بڑے بازاروں میں سرکاری قیمتوں اور شکایتی نمبروں پر مشتمل 500 بینرز آویزاں کیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔