نان فائلرز کے نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عدالت میں چیلنج

سیکریٹری فنانس، چئیرمین ایف بی آر اور ڈی جی موٹر رجسٹریشن کو نوٹس جاری


ویب ڈیسک November 06, 2018
نئی گاڑیوں کے لیے فائلرہونے کی شرط لگاناغیرقانونی ہے، بابر اعوان۔ فوٹو: فائل

مقامی موٹر ڈیلرز نے نان فائلرز کے نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی کو عدالت میں چیلنج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مقامی موٹر ڈیلرز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں ترمیم کو چیلنج کردیا ہے، درخواست کی سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے درخواست گزار کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ہی ترمیم کو چیلنج کرنے آگئے جس پر بابر اعوان نے کہا کہ جی اپنی ہی ترمیم کو چیلنج کیا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا فنانس سپلیمنٹری بل 2018 میں یہ شقیں شامل ہیں، ڈاکٹر بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ ضمنی بجٹ میں انکم ٹیکس آرڈیننس 227 اے اور بی آئین سے متصادم ہیں۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ نئی گاڑیوں کے لیے فائلرہونے کی شرط لگاناغیرقانونی ہے، پرانی بے شک مرسیڈیز خرید لیں کوئی پابندی نہیں، عوامی توقعات سے متصادم کوئی قانون نہیں بنایا جاسکتا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سیکریٹری فنانس، چئیرمین ایف بی آر اور ڈی جی موٹر رجسٹریشن کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔