بینظیر بھٹو کا 60 واں یوم ولادت آج منایا جائے گا صدر زرداری بلاول بھٹو کے پیغامات

کراچی سمیت ملک کے دیگر اضلاع میں سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے


کراچی سمیت ملک کے دیگر اضلاع میں سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کا 60واںیوم ولادت آج ملک بھر میں منایا جائے گا۔

اس حوالے سے کراچی سمیت ملک کے دیگر اضلاع میں سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے ، جہاں بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے اور ان کے ایصال وثواب کیلیے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی ہوگی اور غربا میں لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ صدر آصف زرداری نے اپنی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ جمعرات کو گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچ کر بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ان کے نظریات اور افکار کے مطابق ملک کو اعتدال پسند اور جمہوری معاشرہ بنائیں گے۔

پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں جمہوریت پسند قوتوں کو دعوت دی ہے کہ وہ متحد ہوکر شہید کے جمہوری اقدار کے لیے جدوجہد کو جاری رکھنے کا عہد کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام اور عدلیہ کے وقار اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی بے مثال خدمات اور قربانیاں تا قیامت تک یاد رکھی جائیں گی ۔ پیپلزپارٹی لاہور اور پنجاب کی مشترکہ تقریب پنجاب سیکریٹریٹ فیصل ٹاؤن میں ہوگی۔ پنجاب بھر میں ہونیوالی سالگرہ کی تقریبات میں قرآن خوانی کا اہتمام ہوگا اور کیک نہیں کاٹے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں