پیپلز یونٹی اورایئر لیگ میں تنازع شدت اختیارکرگیا

ایئر لیگ کے عہدیداروں نے دفتر کو تالے لگا کر ٹکٹنگ سسٹم بندکردیا، مسافروں کو مشکلات

ایئر لیگ کے عہدیداروں نے دفتر کو تالے لگا کر ٹکٹنگ سسٹم بندکردیا، مسافروں کو مشکلات فوٹو: فائل

پی آئی اے اسٹاف یونین پیپلزیونٹی اور ایئر لیگ میں جاری تنازع شدت اختیار کرگیا۔

جمعرات کو ایئر لیگ کے عہدیداروں نے پی آئی اے کے ٹائون آفس لاہور سے افسران و ملازمین کو نکال کر دفتر کو تالے لگا دیے، ٹکٹنگ سسٹم بند کردیا جس سے پی آئی اے آپریشن بند ہو گیا اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ن لیگ کی حکومت بننے کے بعد پیپلزیونٹی اور ایئرلیگ کے مابین اپنی من پسند ڈیوٹیاں لگوانے اور دفاتر پر قبضے کا تنازع شروع ہو گیا جس کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہو رہا ہے اور پروازوں کی آمدورفت میں تاخیرمعمول بن گئی ہے۔




ایئرلیگ کا اس حوالے سے موقف ہے کہ چیئرمین اور ایم ڈی نااہل اورکرپٹ افسران کی پشت پناہی کرتے ہیں اس لیے انھیں فارغ کر کے ایماندار افسران کوتعینات کیا جائے اور کرپٹ افسران کیخلاف کارروائی کی جائے۔ پیپلزیونٹی کا کہنا ہے ہم ووٹوں کے ذریعے منتخب ہوئے ہیں اور ہمارا مینڈیٹ 2015ء تک ہے ، ایئر لیگ آپریشن بند کرکے مسافروں کو تنگ کرنے کے بجائے انتظار کرے ۔ ایئرلیگ والے ن لیگ کی حکومت کو بدنام کر رہے ہیں ۔ نواز شریف خود کہہ چکے ہیں کہ وہ تمام پارٹیوں کا مینڈیٹ تسلیم کرتے ہیں ۔ پیپلزیونٹی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کا نوٹس لیں ۔
Load Next Story