کراچی ميں فائرنگ سے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی بیٹے سمیت جاں بحق

ساجد حسین قریشی اپنے بیٹے کے ہمراہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد سے نکل رہے تھے کہ ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی۔


ویب ڈیسک June 21, 2013
دو نامعلوم مسلح افراد نے ساجد قریشی کو ریکی کے بعد فائرنگ کا نشانہ بنایا، پولیس ذرائع فوٹو: ایکسپریس

نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ کے نتیجے میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی ساجد حسین قریشی اور ان کے بیٹے وقار قریشی جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ایم کیو ایم نے اس اندوہناک سانحے کے خلاف 3 روزہ سوگ اور کل صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ اور کاروباری مراکز بند رکھنے کی اپیل کی ہے جب کہ گزشتہ روز ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان بھی موخر کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں ساجد حسین قریشی اپنے بیٹے کے ہمراہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے کہ 2 نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق جب کہ ان کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا، فائرنگ کے بعد مسلح افراد باآسانی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ساجد حسین کی لاش اور ان کے زخمی صاحبزادے کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا بیٹا وقار قریشی بھی زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔

ساجد قریشی کراچی کے حلقہ 103 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایم کیو ایم کے اراکین سندھ اسمبلی اور پارلیمنٹ، پارٹی ذمہ داران اور ہمدردوں کی ایک بڑی تعداد عباسی شہید اسپتال پہنچ گئی۔ رکن سندھ اسمبلی کے قتل کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہو گئیں جب کہ ایم کیو ایم نے اس اندوہناک سانحے کے خلاف 3 روزہ سوگ اور کل صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ اور کاروباری مراکز بند رکھنے کی اپیل کی ہے جب کہ گزشتہ روز ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان بھی موخر کردیا گیا ہے۔ پولیس نے 2 عینی شاہدین کی مدد سے بنائے گئے ساجد قریشی کے قتل میں ملوث ملزم کا خاکہ جاری کردیا ہے۔

دوسری جانب ایم کیوایم کے اراکین قومی اسمبلی نے بھی رکن صوبائی اسمبلی کے قتل پر احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا اور چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ وہ ساجد قریشی کے قتل کا از خود نوٹس لیں، رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈيل نے کہا کہ کراچی میں شہریوں کا ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے، کراچی ملک کا معاشی حب ہے چیف جسٹس واقعے کا از خود نوٹس لیں، انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو بھی کڑی تنقدید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیر داخلہ بلوچستان تو پہنچ جاتے ہیں مگر اب تک کراچی نہیں گئے۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نواز شریف نے ساجد قریشی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ایم کیو ایم اور ان کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں