مکی آرتھر نے اپنی غلطیوں کا احساس کرتے ہوئے محمد حفیظ سے معذرت کر لی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے اپنے رویے پر آل راؤنڈر محمد حفیظ سے معذرت کر لی ہے، ذرائع نے بتایا کہ نیوزی لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریزکے دوران کوچ نے سینئرکرکٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ان کے بارے میں غلط رائے قائم کی، وہ اب بھی پاکستان ٹیم کیلیے کارآمد ہیں۔
واضح رہے کہ سینئرز کے سخت مخالف سمجھے جانے والے کوچ کی ایما پر ہی حفیظ کو ایشیا کپ کیلیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا، پھر آسٹریلیا اور کیویز سے مقابلوں کیلیے ان کی واپسی ہوئی اور انھوں نے بہترین کھیل سے اپنا انتخاب درست ثابت کر دکھایا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اظہر علی کی ون ڈے سے ریٹائرمنٹ میں بھی کوچ کی جانب سے نولفٹ کا عنصر شامل ہے، وہ اس طرز میں مزید کھیلنا چاہتے تھے مگر نظرانداز کیا جا رہا تھا، سینئر بیٹسمین کو جب یقین ہو گیا کہ اب واپسی کا کوئی امکان نہیں تو ون ڈے سے علیحدگی کا اعلان کر دیا، اب اگلے انگلش سیزن میں انھیں سمرسٹ سے مکمل کنٹریکٹ مل جائے گا، عموماً کاؤنٹیز ایسے کھلاڑیوں کو ترجیح نہیں دیتیں جو سیزن کے درمیان میں ہی قومی ڈیوٹی کیلیے چلے جاتے ہیں۔
دریں اثنا اوپنر شان مسعود بھی مسلسل عمدہ کارکردگی کے باوجود نظرانداز کیے جانے پر ناخوش ہیں،ذرائع نے بتایا کہ انھوں نے گزشتہ دنوں کوچ کو کئی ٹیکسٹ میسجز بھیج کر عدم انتخاب کی وجہ پوچھی،آرتھر نے ٹیم کے کئی کھلاڑیوں سے اس کا تذکرہ بھی کیا۔