کیویز پاکستان کیلیے 11 ون ڈے میچز سے ناقابل تسخیر

2014کے بعد کوئی فتح نہیں ملی،ابوظبی میں آخری دونوں میچزمہمان ٹیم نے جیتے


Sports Reporter November 07, 2018
2014کے بعد کوئی فتح نہیں ملی،ابوظبی میں آخری دونوں میچزمہمان ٹیم نے جیتے۔ فوٹو:فائل

کیویز پاکستان کیلیے 11 ون ڈے میچزسے ناقابل تسخیر بنے ہوئے ہیں جب کہ دسمبر 2014 کے بعد گرین شرٹس ایک بار بھی حریف کو زیر نہیں کر پائے۔

باہمی ون ڈے مقابلوں میں پاکستان کو نیوزی لینڈ پر معمولی برتری حاصل ہے، دونوں ٹیمیں ابھی تک 103 میچز میں مدمقابل ہوئی ہیں، گرین شرٹس نے 53اور کیویز نے 47میں فتح پائی،ایک ٹائی اور2بے نتیجہ رہے۔ یواے ای میں مجموعی طور دونوں ٹیمیں 18بار مقابل ہوئی ہیں،ان میں سے پاکستان نے 13میں فتح پائی لیکن گزشتہ سیریز میزبان ٹیم کیلیے اچھی نہیں رہی تھی۔

دسمبر 2014میں نیوزی لینڈ نے 3-2سے کامیابی حاصل کی تھی، پہلے میچ میں پاکستان نے فتح پائی، دوسرے میں مہمان ٹیم سرخرو ہوئی، تیسرے میں گرین شرٹس نے میدان مارلیا،پھر نیوزی لینڈ نے کم بیک کرتے ہوئے ابوظبی میں کھیلے جانیوالے سیریز کے آخری دونوں میچز میں فتح کیساتھ سیریز اپنے نام کرلی۔

پاکستان نے کیویز کیخلاف آخری میچ بھی اسی سیریز کے دوران شارجہ میں جیتا تھا، اسکے بعد سے وہ مسلسل 11 میچز میں گرین شرٹس کو مات دے چکے ہیں،ان میں سے 9 نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے، رواں سال کے آغاز میں پاکستان ٹیم دورے کے پانچوں ون ڈے ہار گئی تھی۔

یاد رہے کہ گرین شرٹس کو مسلسل شکستوں سے دوچار کرنے میں کیویز دوسرے نمبر پر ہیں، اس سے قبل جنوبی افریقہ نے 1995 سے 2000کے دوران لگاتار 14مقابلوں میں مات دی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں