پاکستان نے کیویز سے ون ڈے میں شکستوں کا بدلہ چکانے کی ٹھان لی

ٹیم ٹی ٹوئنٹی میں کلین سوئپ فتح کا اعتماد لیے آج پہلے میچ کیلیے میدان میں اترے گی۔


Sports Reporter November 07, 2018
سرفرازاحمد نے ورلڈکپ سے قبل فتوحات کے ٹریک پر واپسی کا عزم ظاہر کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے کیویز کے ہاتھوں ون ڈے شکستوں کا بدلہ چکانے کی ٹھان لی جب کہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ فتح کا اعتماد لیے آج پہلے میچ کیلیے میدان میں اترے گی۔

پاکستان نے اگرچہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مسلسل 11سیریز جیتی ہیں لیکن ون ڈے مقابلوں میں کارکردگی تشویش کا باعث ہے، یو اے ای کی سازگار کنڈیشنز میں ایشیاکپ گرین شرٹس کو مایوسیاں دے کر رخصت ہوا۔

کیویز کے خلاف بھی ون ڈے کرکٹ میں کوئی کامیابی حاصل کیے 4 سال کے قریب عرصہ گزر چکا، البتہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں کیوی بیٹسمین جس طرح شاداب خان اور عماد وسیم کے اسپن جال میں الجھ کر منہ کے بل گرے اس سے گرین شرٹس کا حوصلہ کافی جوان ہو گیا۔

مہمان ٹیم نے صرف 23 رنز کے سفر میں8 وکٹیں گنوائیں اور کلین سوئپ کی خفت سے دوچار ہوئی، پاکستان اسی اعتماد کے بل پر کیویز سے مسلسل شکستوں کا بدلہ چکانے کیلیے بیتاب ہوگا، جارح مزاج بیٹسمین فخرزمان کی فارم میزبان ٹیم کیلیے فکرمندی کی بات ہے، اوپنر کیریئر کے آغاز سے اب تک یو اے ای میں 20.40کی اوسط سے رنز بنا پائے ہیں، گزشتہ3ون ڈے میچز میں وہاں انھوں نے صرف ایک رن بنایا ہے۔

امام الحق انگلی کی انجری سے نجات پانے کے بعد واپس آئے ہیں، انھوں نے ایشیا کپ میں چند اچھی اننگز کھیلی تھیں، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تسلسل کے ساتھ رنز بنانے والے بابراعظم ایک بار پھر امیدوں کا مرکز ہوں گے۔

محمد حفیظ کا بیٹ بھی مسلسل رنز اگل رہا ہے، شعیب ملک سینئر کا کردار ادا کرنے کیلیے تیار ہیں، یو اے ای کی کنڈیشنز میں پاکستان کا ٹرمپ کارڈ اسپنرز ہوں گے، حسن علی، جنید خان، شاہین آفریدی اور عثمان شنواری میں سے پیس بیٹری کا انتخاب اہم فیصلہ ہو گا،امکان یہی ہے کہ پاکستان شاہین آفریدی کی بہترین فارم کا فائدہ اٹھائے گا۔

دوسری طرف انجریز کی وجہ سے کیویز کا کمبی نیشن متاثر ہوا ہے، ایڑی کی تکلیف کا شکار کورے اینڈرسن وطن واپس روانہ ہوگئے، ٹوڈ ایسٹل گھٹنے میں درد محسوس کررہے ہیں، ان کی پہلے ون ڈے میچ میں شرکت کا امکان نہیں، اسپنر کی غیر یقینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ڈیبیو کرنے والے اعجاز پٹیل کو یو اے ای میں ہی روک لیا گیا ہے، مختصر فارمیٹ کیلیے منتخب بیٹسمین جارج ورکر اور لوکی فرگوسن کو بھی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا۔

دوسری جانب تازہ کمک کے طور پر پیسرز ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری کے ساتھ ٹام لیتھم، ہینری نکولس اور بی جے واٹلنگ بھی پہنچ چکے۔جارج ور کرنے 2015 میں ون ڈے ڈیبیو کیا تھا،وہ اب تک صرف7میچز ہی کھیل پائے ہیں، مارٹن گپٹل اور کورے اینڈرسن کی انجریز نے انھیں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کر دیا، وہ کولن منرو کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔

کین ولیمسن اور روس ٹیلر ہمیشہ پاکستانی بولرز پر بھاری ثابت ہوئے ہیں، دونوں کی گرین شرٹس کیخلاف فی اننگز بیٹنگ اوسط 60سے زیادہ اور 3، 3 سنچریاں بھی بنا چکے ہیں، ہینری نکولس اور ٹام لیتھم سے بھی توقعات وابستہ ہوں گی، ایش سوڈھی کے ساتھ اعجاز پٹیل اسپن کا شعبہ سنبھالیں گے، ٹرینٹ بولٹ، میٹ ہینری، ٹم ساؤتھی اور150کلومیٹر کی رفتاررکھنے والے لوکی فرگوسن میں سے پیس بیٹری کا انتخاب ہوگا۔

دریں اثنا ابوظبی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم ون ڈے کرکٹ میں ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کررہے ہیں، ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے نیوزی لینڈ کیخلاف مقابلے انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے، میگاایونٹ سے قبل ہمارے پاس 18میچز ہیں،ان میں3 اس سیریز میں ہونگے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مسلسل فتوحات سے حاصل اعتماد کی بدولت 50اوورز کے میچز میں بھی کارکردگی کا معیار برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

نیوزی لینڈ میں مسلسل 5شکستوں کے سوال پر انھوں نے کہا کہ پاکستانی بولنگ بہترین ہے، وہاں بھی مشکلات بیٹنگ میں رہیں، ٹاپ آرڈر کی وکٹیں جلد گرنے کی وجہ سے بہتر مجموعہ حاصل کرنے میں دشواری ہوتی ہے،بڑی ٹیموں کیخلاف 240 یا 250رنز کافی نہیں ہوتے،ہم نے کھلاڑیوں سے بات کی ہے کہ کریز پر قیام کو طول دیتے ہوئے اچھی بنیاد فراہم کرنا ہوگی۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کئی تجربہ کار کرکٹر شامل ہیں،ٹام لیتھم، ہینری نکولس اور ٹرینٹ بولٹ کی واپسی سے کیویز کی طاقت مزید بڑھ گئی، ہم ان سے سخت مزاحمت کی توقع کررہے ہیں، اسی کے ساتھ تینوں شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں بھی فتوحات کے ٹریک پر واپس آنے کیلیے پُرعزم ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں