اقوام متحدہ اور حکومت تحریک طالبان کو بزدل ترین گروہ قرار دے الطاف حسین

نہتے عوام کو حملہ کرکے شہید کرنا بزدلی کے زمرے میں آتا ہے جس کی سب سے بڑی مثال تحریک طالبان کا گروہ ہے، الطاف حسین


ویب ڈیسک June 21, 2013
جب تک معصوم شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی نہ ہوجائے حکمران خود پر آرام کرنے اور چین سے بیٹھنے کو حرام قرار دیں، الطاف حسین فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو اعلانیہ طور پر دنیا کا بزدل ترین گروہ قرار دے۔


لندن سے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے الطاف حسین نے رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے صاحبزادے وقاص قریشی کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کرہ ارض پر انسانوں میں سب سے بزدل گروہ اگر کوئی ہے تو وہ کالعدم تحریک طالبان کا گروہ ہے جس کے کارندے بے گناہ شہریوں پر چھپ کر حملے کررہے ہیں اور معصوم شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہتے عوام کو حملہ کرکے اور گولیاں چلا کر شہید کرنا بزدلی کے زمرے میں آتا ہے جس کی سب سے بڑی مثال تحریک طالبان کا گروہ ہے۔


الطاف حسین نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو جاں بحق وزخمی کرنے والے سفاک اور درندہ صفت دہشت گردوں سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے، شہریوں کے جان ومال کے تحفظ میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور جب تک معصوم شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی نہ ہوجائے حکمران خود پر آرام کرنے اور چین سے بیٹھنے کو حرام قرار دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں