پاکستان میں پہلے بھارتی عالمی برانڈ ’’ریمنڈز‘‘ کا افتتاح

دنیا بھر میں 800 ریٹیل چین اسٹورز موجود ہیں، مثبت تاثر ابھرے گا، باہمی روابط کو فروغ ملے گا

بھارت کی جدید ٹیلرنگ، ڈیزائننگ سمیت دیگر ٹیکنالوجی کی بھی منتقلی ہوگی، شمیم فرپو فوٹو: اے ایف پی

بھارتی فیبرکس، تیار ملبوسات، سوٹنگ شرٹنگ کے بین الاقوامی برانڈ ''ریمنڈز'' کا پہلا آؤٹ لیٹ پاکستان میں قائم ہوگیا ہے۔

نیکسورس پاکستان کے تحت قائم ہونے والے ریمنڈ زآؤٹ لیٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کراچی چیمبر آف کامرس کے سینئرنائب صدر شمیم فرپو نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی اداروں کو براہ راست سرمایہ کاری کی اجازت کے سبب پاکستان کے متعدد برانڈز کے آؤٹ لیٹس پہلے سے قائم ہیں اسی طرح پاکستانی مارکیٹ میں بھی اگرچہ بے شماربین الاقوامی برانڈز اور فرینچائزز متعارف شدہ ہیں لیکن بھارت سے تعلق رکھنے والے ریمنڈ نامی برانڈ کا آؤٹ لیٹ کا قیام موجودہ حالات کے تناظر زیادہ اہمیت رکھتا ہے، تاجر برادری محسوس کرتی ہے کہ ریمنڈنامی برانڈ متعارف ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

کراچی چیمبر آف کامرس ایک ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے بھارت کے ساتھ تجارت وصنعتی سرگرمیوں میں بلارکاوٹ اضافے کا حامی ہے کیونکہ پاک بھارت باہمی تجارت کا فروغ دونوں ممالک کی عوام کے حق میں ہے، انہوں نے بتایا کہ بھارتی ریمنڈ برانڈ کی پروڈکٹس دنیا بھر میں800 ریٹیل چین اسٹورزکے ذریعے فروخت کی جارہی ہیں، پاکستان میں اس برانڈ کے پہلے آؤٹ لیٹ کے قیام سے دنیا بھر کے انہی800 ریمنڈ پروڈکٹس فروخت کرنے والے اسٹورز کے توسط سے پاکستان کا مثبت تاثر ابھرے گا۔




انہوں نے کہا کہ بھارتی بین الاقوامی برانڈ پاکستان میں متعارف ہونے سے بھارت کی جدید ٹیلرنگ، ڈیزائننگ سمیت دیگر ٹیکنالوجی کی بھی منتقلی ہوگی کیونکہ بھارت کی مذکورہ کمپنی دنیا بھر میں قائم اپنے برانڈڈ اسٹورز میں کاریگروں، ٹیلرز، ڈیزائنرز کو عالمی معیار کے مطابق باقاعدہ تربیت دیتی ہے، اس موقع پر نیکسورس پاکستان کے چیئرمین نزیر احمد وائد نے بتایا کہ پاکستان میں بھارت کے بین الاقوامی برانڈ''ریمنڈز'' کے پہلے آؤٹ لیٹ کے قیام کے بعد ملک کے دیگر حصوں میں مزید 15 ریمنڈز آؤٹ لیٹس کھولے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ریمنڈز بھارت کی ایک سرفہرست فیبرک، سوٹنگ کمپنی ہے جسکی بین الاقوامی سطح پر40 اوربھارت میں 650 آؤٹ لیٹس قائم ہیں، کپڑے، ملبوسات کے بلندترین معیارکے دلدادہ افراد ریمنڈز کے پروڈکٹس سے بخوبی آگاہ ہیں، انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں قائم ہونے والے ریمنڈز کے اس پہلے آؤٹ لیٹ کے کاریگروں ودیگر اسٹاف کو بھارت میں ہی کمپنی کے ماہرین نے تکنیکی وپیشہ ورانہ تربیت فراہم کی ہے، انہوں نے بتایا کہ نیکسورس پاکستان لمیٹڈ نے بھی بھارت کے مختلف حصوں میں پاکستانی فیبرک وسوٹنگ کے 15 آؤٹ لیٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جسکے تحت ممبئی میں پہلا پاکستانی آؤٹ لیٹ رواں سال ستمبر میں قائم کردیا جائے گا۔
Load Next Story