ٹیکس دہندگان کو 862 ارب روپے کے ریفنڈز جاری

گزشتہ سال کے اسی عرصے 18 جون تک 137 ارب روپے کے ریفنڈز سے 37.1 فیصد کم ہیں


Numainda Express June 22, 2013
گزشتہ سال کے اسی عرصے 18 جون تک 137 ارب روپے کے ریفنڈز سے 37.1 فیصد کم ہیں۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے رواں مالی سال 2012-13 میں اٹھارہ جون تک ٹیکس دہندگان کو مجموعی طور پر 86.2 ارب روپے کے ریفنڈ جاری کیے ہیں جو گزشتہ مالی سال 2011-12 کے اسی عرصے میں جاری کیے جانے والے137 ارب روپے کے ریفنڈز کے مقابلے میں 37.1 فیصد کم ہیں۔

رواں ماہ(جون) کے پہلے اٹھارہ دنوں میں ٹیکس دہندگان کو 1.22 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے ہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں جاری کیے جانیوالے 2.1 ارب روپے کے ریفنڈز کے مقابلے میں 41 فیصد کم ہیں۔ اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے رواں مالی سال کے دوران ٹیکس دہندگان کو جاری کیے جانے والے ریفنڈز میں سے انکم ٹیکس ریفنڈزکی مد میں 46.132 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ سیلز ٹیکس کی مد میں 29.611 ارب روپے کے ریفنڈز اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 15.3 کروڑ روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے ہیں۔



علاوہ ازیں رواں مالی سال میں اب تک کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں ٹیکس دہندگان کو10.27 ارب روپے کا ریبیٹ دیا گیا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے رواں ماہ کے دوران ٹیکس دہندگان کو جاری کیے جانے والے ریفنڈز میں سے انکم ٹیکس ریفنڈزکی مد میں 58.2 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ سیلز ٹیکس کی مد میں 55 کروڑ روپے کے ریفنڈز اورکسٹمز ڈیوٹی کی مد میں ٹیکس دہندگان کو 9.1 کروڑ روپے کا ریبیٹ دیا گیا ہے جبکہ رواں ماہ (جون) کے دوران فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ٹیکس دہندگان کو کوئی ریفنڈ جاری نہیں کیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں