پی سی بی نے قومی ہاکی ٹیم کی براہ راست مالی مدد سے معذرت کرلی

چیئرمین پی سی بی نے پی ایچ ایف کو حکومت اور اسپانسرز سے بات کرنے کی یقین دہانی کروادی


Muhammad Yousuf Anjum November 07, 2018
قومی کھلاڑیوں کو ابھی تک ایشین چیمپئنز ٹرافی کے ڈیلی الاؤنس بھی نہیں ملے فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کی براہ راست مالی مدد سے معذرت کرلی تاہم بورڈ سربراہ نے حکومت اور اسپانسرز سے بات کرنے کی یقین دہانی کروادی۔

پی سی بی کے چیئرمین اور ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار اور چیف کوچ توقیر ڈار کی میٹنگ جمعرات کی صبح طے تھی لیکن احسان مانی کی مصروفیات کے سبب ٹیلی فونک رابطہ پر بات چیت ہوئی۔

چیف کوچ توقیر ڈار نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی سے فون پر رابطے کی تصدیق کی۔ سابق سربراہ توقیر ضیا کے دورمیں ہاکی فیڈریشن کو ادھار دی گئی رقم کی تاحال عدم ادائیگی کا معاملہ آڑے آیا ہے۔ احسانی مانی نے کہا ہے کہ اس ایشو کی وجہ سے بورڈ براہ راست کسی قسم کی گرانٹ جاری نہیں کرسکتا۔ کرکٹ کے اسپانسرز سے اس بارے میں ضرور بات کریں گے اور حکومت سے بھی سفارش کروں گا کہ ورلڈ کپ روانگی سے پہلے کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنس کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔
چیف کوچ نے تجویز دی کہ اگر حکومت فیڈریشن کی گرانٹ فوری طور پر جاری نہیں کرپارہی تو بھارت میں ہوٹل کے واجبات خود براہ راست ادا کردے اور کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنس بھی ان کے ذاتی بینک اکاونٹ میں رقم ٹرانسفر کردے تاکہ وہ معاشی مسائل سے نجات پاکر مکمل طور پر اپنی توجہ بھارت میں بہترین پرفارمنس دینے ہر توجہ دے سکیں۔

احسان مانی جو وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کھیلوں کی بہتری کے لیے اعلان کردہ ٹاسک فورس کے سربراہ بھی ہیں نے چیف کوچ ہاکی ٹیم سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں ہرممکن کوشش کریں گے۔ قومی کھلاڑیوں کو ابھی تک ایشین چیمپئنز ٹرافی کے ڈیلی الاؤنس بھی نہیں ملے۔ ورلڈ کپ کیمپ اور ٹورنامنٹ کے بھی ادا کرنے ہیں۔ دوسری طرف مالی مسائل سے دوچار ہاکی فیڈریشن نے بھی گرانٹ جاری کرنے کے لیے ایک اور خط وزیر اعظم کو بجھوایا ہے جس کا ابھی تک جواب نہیں آیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں