نیوزی لینڈ میں بلے بازوں نے ایک اوور میں 43 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا

لسٹ اے کرکٹ میں کسی بھی بولر کے ایک اوور میں یہ سب سے زیادہ دیئے گئے رنز ہیں


Sports Desk November 08, 2018
لسٹ اے کرکٹ میں کسی بھی بولر کے ایک اوور میں یہ سب سے زیادہ دیئے گئے رنز ہیں . فوٹو : آئی سی سی

نیوزی لینڈ میں ڈومیسٹک ون ڈے میچ کے دوران بلے بازوں نے ایک اوور میں 43 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

نیوزی لینڈ میں ایک ڈومیسٹک ون ڈے میچ کے دوران بلے بازوں نے ایک اوور میں 43 رنز بنا کر لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ میں عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ سینٹرل ڈسٹرکٹس کے میڈیم پیسر ویلیم لوڈک کی ناردرن ڈسٹرکٹس کے بیٹسمین جوئے کارٹر اور بریٹ ہیمپٹن نے دل کھول کر درگت بنائی، ان کے اوور میں 6 چھکے لگے جس میں سے 2 نوبالز پر تھے جب کہ ایک چوکا اور ایک سنگل بھی بنا۔

اوور کا آغاز میں ہیمپٹن نے چوکا جڑ کر کیا، اگلی 2 بالز کمر سے اونچی ہونے کی وجہ سے نوبال قرار پائیں، دونوں پر انہوں نے چھکے جڑے، اگلی قانونی گیند پر انہوں نے چھکا جڑا اور پھر تیسری بال پر سنگل لے کر کارٹر کو اسٹرائیک دی جنہوں نے آخری تینوں گیندوں کو باؤنڈری کے باہر اچھال کر ریکارڈ بک میں انٹری دی۔



دلچسپ بات یہ ہے کہ 9 اوورز کے اختتام پر لوڈک نے 42 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی تھی اورمحض ایک اووریعنی 10ویں اوورز میں انہوں نے 43 رنز دیئے یوں مجموعی طور پر انہوں نے 10 اوورز میں 85 رنز دیئے اور یہ لسٹ اے کرکٹ میں کسی بھی بولر کے ایک اوور میں ہونے والی سب سے زیادہ پٹائی ہے۔

اس سے قبل یہ منفی ریکارڈ بنگلا دیش کے فرسٹ کلاس کرکٹر علاؤالدین بابو کے پاس تھا جنھوں نے 2013 میں ڈھاکا پریمیئر لیگ کے دوران ایک اوور میں 39 رنز کی پٹائی برداشت کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں