پاک فضائیہ ملکی دفاع کا لازمی حصہ ہےایئر مارشل طاہر رفیق
کسی بھی فضائیہ کے مؤثر ہونے کا انحصار اس کے افراد کی بہتر کارکردگی سے مشروط ہے
ISLAMABAD:
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ ملکی دفاع کا لازمی حصہ ہے اور دفاعی نظام کی پہلی دیوار کے طور پر کسی بھی قسم کی اندرونی یا بیرونی جارحیت کے خلاف عملی تیاریوں کو یقینی بنانے کیلیے زمانہ امن میں بہترین تربیت کی افادیت کو مد نظر رکھتی ہے۔
گزشتہ روز نیول وار کورس کے افسران سے خطاب کر تے ہوئے انھوں نے کہا پاک فضائیہ کو درپیش اکیسویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلیے ہم پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی فضائیہ کے مؤثر ہونے کا انحصار اس کے افراد کی بہتر کارکردگی سے مشروط ہے اور ہم نے ہمیشہ اپنے افراد کی پیشہ ورانہ مہارت میں بر تری کیلیے بہترین تربیت کو فوقیت دی ہے۔
حربی اور امن کی ذمے داریوں کے باوجود ہم نے فضائیہ کے جدید سسٹم میں مہارت حاصل کرنے ، دنیا کی جدید ائیر فورسز کے تجر بات سے فائدہ اٹھانے اور فضائی جنگ کے جدید نظریات کی عملی پریکٹس کے لیے اندرون اور بیرون ملک کئی فضائی مشقوں میں حصہ لیا۔ مسلح افواج کی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ جدید جنگیں مل جل کر لڑی جاتی ہیں اور ہم نے ہمیشہ تینوں مسلح افواج کے مشترکہ تعاون اور عمل پر زور دیا ہے۔