چین نے پاکستان کو نقد مالی مدد کا اعلان کرنے سے روک دیا وزیراعظم

کرپشن پر آٹے میں نمک کے برابر لوگوں کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے، بڑی مچھلیاں باقی ہیں، وزیراعظم


ویب ڈیسک November 08, 2018
اگر دھرنا ختم نہ ہوتا تو حکومتیں ختم ہو سکتی تھیں، عمران خان. فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے بتایا ہے کہ چین نے پاکستان کو نقد مالی مدد کا اعلان کرنے سے روکا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چین کی جانب سے امدادی رقم سے متعلق سوالات پر وزیر اعظم نے جواب سے معذرت کر لی اور کہا کہ چین نے پاکستان کی تاریخی مدد کی ہے، چین کتنی مدد دے رہا ہے ظاہر نہیں کر سکتے، دراصل چین نے پاکستان کو نقد مالی مدد کا اعلان کرنے سے روک دیا ہے، کیونکہ اس سے چین کے دیگر پارٹنرز تحفظات کا اظہار کر سکتے ہیں۔

یہ پڑھیں: ایف بی آر سے ٹیکس پالیسی بنانے کا اختیار واپس لے لیا، فواد چوہدری

عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آ کر حیران کن گھپلوں کا معلوم ہوا، اور میڈیا رپورٹس میں آنے والی کرپشن کم لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن پر آٹے میں نمک کے برابر لوگوں کے خلاف کاروائی ہو رہی ہے، ابھی بڑی مچھلیاں باقی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مذہبی جماعتوں کی جانب سے دیئے گئے دھرنے اور مظاہروں کو مصالحتی انداز میں ہی حل کر سکتے تھے، دھرنے میں پیسے دے کر لوگوں کو لایا گیا اور اگر دھرنا ختم نہ ہوتا تو حکومتیں ختم ہو سکتی تھیں۔

عمران خان نے اراکین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں منظم ہو کر چلیں، اپوزیشن کی ہر بات کا جواب دینا ضروری نہیں ہوتا، کوئی بھی رکن قومی اسمبلی وزیر دفاع پرویز خٹک کی اجازت کے بغیر ایوان میں تقریر نہیں کرے گا۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ دو ماہ تک ایوان میں نہیں آ سکتا چیلنجز کا سامنا ہے لیکن دو ماہ بعد ایوان میں تواتر سے آیا کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں