متحدہ حکومت میں آئے بسم اللہ نہ آئے توبھی بسم اللہ شرجیل میمن

کراچی میں امن کامسئلہ پرانا ہے،ایک ماہ میںحل کرناممکن نہیں،وفاق الٹی میٹم نہیں دے سکتا


Numainda Express June 22, 2013
سندھ میں کسی دوسرے سندھ کی گنجائش نہیں،حیدرآباد میںبینظیرکی سالگرہ تقریب کے بعد گفتگو۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو حکومت سندھ میں شمولیت کی دعوت دینا ہمارا کام تھا۔

حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرنا ان کی مرضی ہے، کراچی میں امن و امان کا مسئلہ کئی سال پرانہ مسئلہ ہے پی پی پی اس مسئلہ کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے موثر اقدامات کررہی ہے تاہم اتنا پرانا مسئلہ ایک ماہ میں حل کرنا ممکن نہیں ہے۔ وفاقی حکومت کے بجٹ کے بعد عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کے تحت ضلع کونسل کے سبزہ زار پر منعقدہ پیپلز پارٹی کی شہید قائد بینظیربھٹو کی ساٹھویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر کیک کاٹنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔



شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ میں شمولیت کے حوالے سے ایم کیو ایم نے عوامی ریفرنڈم بھی کروایا ہے وہ آئے بسم اللہ، نہ آئے تو بھی بسم اللہ۔ انھوں نے کہا کہ کراچی کے حالات آج سے نہیں گزشتہ 30 سالوں سے خراب ہیں اورکراچی میں جو اسلحے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اس کا ذمے دار ضیا الحق ہے۔ حکومت سندھ کے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ وہ ایک ماہ میں اتنا پرانا مسئلہ حل کرلے، اس حوالے سے وفاقی حکومت الٹی میٹم نہیں دے سکتی تاہم امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے وفاقی ادارے صوبے کی مدد کرسکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پی پی کی حکومت کراچی میں شر پسند اور دہشت گردوں سے مقابلہ کر رہی ہے جس کے دوران کئی اشتہاری دہشت گرد گرفتار کرکے عدالتوں میں پیش کیے ہیں اور اب بھی آپریشن جاری ہے اور پی پی کی حکومت کراچی سے دہشت گرد سرگرمیوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انھوں نے کہا کہ سندھ میں دوسرے صوبے کا پروپیگنڈہ وہ عناصر کر رہے ہیں جو سندھ میں اتحاد اور بھائی چارے کے مخالف ہیں اور یہاں کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں تاہم سندھ میں کسی دوسرے سندھ کی گنجائش نہیں ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن، رکن سندھ اسمبلی جام خان شورو اور سابق صوبائی وزیر زاہد علی بھرگڑی نے تھلیسیمیا کے بچوں کے لیے خون کا عطیہ بھی دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |