فواد چوہدری سیاسی خانہ بدوش ہیں جن کا کوئی نظریہ نہیں مریم اورنگزیب

چور چور کے نعرے سے سستی شہرت تو مل سکتی ہے لیکن اپنی نااہلی نہیں چھپائی جاسکتی، ترجمان (ن) لیگ


ویب ڈیسک November 08, 2018
سیاسی خانہ بدوشوں کی نااہل حکومت مخالفین کے گریباں پکڑنے کی کوشش کرتی ہے، رہنما ن لیگ (فوٹو: فائل)

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری سیاسی خانہ بدوش ہیں ان کی نہ کوئی پارٹی ہے اور نہ ہی کوئی نظریہ۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کےبیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومتی رویے پر پارلیمنٹ کا سیشن ایک دن بھی پوری طرح نہیں چل سکا، پہلی بار ہوا ہے کہ حکومت نے اپنے ہی طلب کردہ اجلاس میں کورم کی نشاندہی کی، حکومت کے پاس کسی معاملے میں کوئی حکمت عملی اور وژن نہیں ہے۔

یہ پڑھیں: حزب اختلاف کو تکلیف ہے کہ حکومت مک مکا کیوں نہیں کررہی

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات خود سیاسی خانہ بدوش ہیں، ان کی نہ کوئی پارٹی ہے اور نہ ہی کوئی نظریہ، وہ پارلیمانی روایات اور اقدار سے ناواقف ہیں، سیاسی خانہ بدوشوں کی نااہل حکومت مخالفین کے گریباں پکڑنے کی کوشش کررہی ہے، آپ اپنے گریباں میں جھانکیں آپ پکے چور، عادی جھوٹے اور نامزد ملزمان ہیں، دوسروں کو چور چور کہتے ہیں اور ان کے اپنے وزیراعظم عمران خان خود نیب کو مطلوب ہیں۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ چور چور کے نعرے لگا کر سستی شہرت تو حاصل کی جاسکتی ہے لیکن اپنی نااہلی نہیں چھپائی جا سکتی، آپ چور چور کا شور مچائیں لیکن آپ سے سوال ہوگا کہ غریب عوام پر تاریخی مہنگائی کا بم کیوں گرایا؟ آپ سے پوچھا جائے گا کہ آپ سے این آر او کس نے اور کب مانگا؟ حکومتی نااہلی اور منفی رویے کی وجہ سے موجودہ حکومت کو جلد عوام سے این آر او لے کر بھاگنا پڑے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام آپ سے پوچھے گی کہ بھیک مانگ کر پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کیوں کرائی؟ ڈی پی او پاکپتن ، پنجاب اور اسلام آباد کے آئی جیز کے ساتھ کیا ہوا؟ آپ کے وزرا ایس ایچ اوز کی کرسیوں پر بیٹھ کر احکامات کیوں جاری کرتے ہیں؟

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں