فوجی افسر بن کر لوگوں کے بینک اکاؤنٹ سے رقم نکالنے والے 7 ملزمان گرفتار

جعل ساز خود کو فوجی افسر ظاہر کرکے شہریوں کا ڈیٹا حاصل کرنے کے بعد اکاؤنٹ سے رقم نکال لیا کرتے تھے


ویب ڈیسک November 08, 2018
جعل ساز خود کو فوجی افسر ظاہر کرکے شہریوں کا ڈیٹا حاصل کرنے کے بعد اکاؤنٹ سے رقم نکال لیا کرتے تھے (فوٹو : فائل)

لاہور: ایف آئی اے نے خود کو فوجی افسر ظاہر کرکے شہریوں کے بینک اکاؤنٹ سے رقم نکالنے والے 7 افراد کو گرفتار کرلیاہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے فیصل آباد کے نواحی علاقے چک پینسرہ میں چھاپہ مار کر 7 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان اپنا تعارف فوجی افسران کی حیثیت سے کراکر شہریوں سے حساس ڈیٹا حاصل کرتے تھے بعد ازاں وہ شہریوں کے بینک اکاؤنٹ سے رقم نکال لیا کرتے تھے۔

اس حوالے سے کراچی ناظم آباد کے رہائشی معیط فاروقی نے ایکسپریس کو بتایا کہ چند روز قبل اسے فون نمبر 03325612280 سے کال موصول ہوئی جس میں کال کرنے والے نے خود کو آرمی کا صوبے دار ظاہر کیا اور کہا کہ مردم شماری کی تصدیق کے لیے اسے کال کی گئی ہے آپ کے کچھ کوائف درکار ہیں تاہم شہری معیط فاروقی نے شک کی بنا پر اسے ڈیٹا دینے سے انکار کردیا اور ایکسپریس سے رابطہ کیا۔

ایکسپریس نیوز کے نمائندے نے جب اس نمبر پر کال کی تو کال وصول کرنے والے نے خود کو فوجی افسر بتایا جواب میں ایکسپریس کے نمائندے نے اپنا تعارف کرایا اور سوال جواب کیے تو جعل ساز نے فون لائن کاٹ دی، پے درپے کالز کرنے پر اس نے فون بند کردیا۔

ریٹائرڈ فوجی 11 لاکھ روپے سے محروم

دریں اثنا ایک اور واقعے میں کالا باغ خدوزئی کے رہائشی اور ریٹائرڈ فوجی گل محمد کے اکاؤنٹ سے 11 لاکھ روپے نکال لیے گئے۔ متاثرہ شہری گل محمد نے بتایا کہ ہیکرز نے بینک کے آفیشل نمبر سے کال کرکے اکاؤنٹ کی مکمل تفصیل فراہم کی اور مجھ سے پن کوڈ حاصل کیا بعدازاں میرے اکاؤنٹ سے 11 لاکھ روپے کی رقم غائب ہوگئی۔ شہری نے رقم کی واپسی کے لیے حکومت سے مدد مانگ لی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں