تجاوزات کے خلاف آپریشن فیصل آباد میں طلال چوہدری کا سیاسی ڈیرہ مسمار

پی ایچ اے اورایف ڈی اے کی مدینہ ٹاؤن میں کارروائی، لیگی رہنما نے رہائشگاہ سے ملحقہ پارک میں کمرے بنا رکھے تھے۔

لاہور میں تحصیل شالیمار، کینٹ، ماڈل ٹاؤن میں آپریشن کیے گئے، 164 کنال اراضی واگزار کرا لی گئی، کمشنر لاہور۔ فوٹو: فائل

تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران فیصل آباد میں طلال چوہدری کا سیاسی ڈیرہ مسمار کر دیا گیا۔

فیصل آباد ڈیولیمنٹ اتھارٹی اور پی ایچ اے نے مشترکہ آپریشن کے دوران سابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے زیر قبضہ پارک کی جگہ واگزار کروالی، انفورسمنٹ ٹیم نے مدینہ ٹاؤن ڈبلیو بلاک میں سابق وزیر مملکت کی رہائشگاہ سے ملحقہ پارک جگہ پر عرصہ دراز سے قبضہ کی گئی جگہ بھاری مشینری کی مدد سے واگزار کروا لی، ٹریکٹر وکرین کی مدد سے پارک میں تعمیر کیا گیا سیاسی ڈیرہ مسمار کردیا اور دیواریں گرا کر ملبہ قبضہ میں لے لیا۔


دوسری جانب ضلعی انتظامیہ لاہور نے انسداد تجاوزات اور زمین واگزاری کے مختلف آپریشنز میں مجموعی طور پر 164کنال زرعی زمین مالیت341ملین روپے کو واگزار کروا لیا۔

علاوہ ازیں تحصیل شالیمار کے موضع تاجپورہ روڈ میں آپریشن کے دوران 7دکانوں کو مسمار کر دیا گیا، تحصیل ماڈل ٹاؤن کے موضع دلو کلاں میں آپریشن کے دوران 18کنال اور 2مرلہ زمین کو واگزار کروا لیا گیا ہے،پیر بہاولپور روڈ سے 12مرلے جگہ کو واگزار کروالیا گیا ہے اور 12مرلے پر بنے چار گھروں کو مسمار کر دیا گیا ہے۔

میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کی ہدایت پر کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت'' میونسپل آفیسر(ریگولیشن) زبیر احمد وٹوکی زیر نگرانی بلدیہ عظمیٰ کے انٹی انکروچمنٹ اسکواڈ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔ دوران آپریشن اقبال زون اسکواڈ نے سندر روڈ، مانگا روڈ، تبلیغی مرکز رائے ونڈ کے علاقہ سے18عارضی تجاوزات ہٹا دیں۔
Load Next Story