اندرون سندھ کی جیلوں کے متعدد قیدی ہیپاٹائٹس میں مبتلا ایک ایڈز کا مریض بھی موجود

متاثرہ قیدیوں کوعلاج ومعالجے کی مکمل سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت،ایڈزکا مریض قیدی چانڈکا اسپتال منتقل۔۔۔، سیکریٹری صحت


Staff Reporter June 23, 2013
متاثرہ قیدیوں کوعلاج ومعالجے کی مکمل سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت، ایڈز کا مریض قیدی چانڈ کا اسپتال منتقل، اسپتالوں کے اچانک دورے کرونگا، سیکریٹری صحت۔ فوٹو: فائل

صوبائی سیکریٹری صحت انعام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے کی جیلوں کے قیدیوں کو مختلف بیماریوں سے بچاؤکی تشخیص اور ان کے ٹیسٹ شروع کردیے گئے ہیں۔

ان قیدیوں کو جیلوں میں علاج ومعالجے کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی، ہفتہ کو ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر صوبے کی جیلوں کے قیدیوں کے طبی مسائل کے حل کے لیے ماہرین پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کردی ہے تاکہ قیدیوں کوعلاج کی مکمل سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔

انھوں نے بتایا کہ اندرون سندھ کی مختلف جیلوں میں معائنے کے دوران ایک درجن سے زائد قیدیوں کو ہیپاٹائٹس بی اور سی کی تشخیص کی گئی ہے جبکہ ایک قیدی ایڈز کے مرض میں مبتلا پایا گیا، انھوں نے سندھ ایڈزکنٹرول پروگرام اور ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے صوبائی مینجرز کو فوری ہدایت دی کہ متاثرہ قیدیوں کو فوری علاج کی سہولتیں مہیا کی جائیں۔



انھوں نے بتایا کہ ایڈزکے قیدی کو فوری طور پر چانڈکا اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ہیپاٹا ئٹس بی اور سی وائرس سے متا ثرہ قیدیوں کو فوری طور پر انجکشن تھراپی شروع کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، انعام اللہ دھاریجو کا کہنا تھا کہ شکارپورکے 2 غیر حاضر ڈاکٹروں کو معطلی کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

دریں اثناء انعام اللہ دھاریجو نے کہا کہ علاج ومعالجہ عوام کا بنیادی حق ہوتا ہے اور یہ محکمے کی ذمے داری ہے کہ عوام کو علاج ومعالجے کی تمام سہولتیں فراہم کرے اوراس سلسلے میں کوتاہی وغفلت برداشت نہیںکی جائے گی، انھوں نے کہا کہ پیر سے تمام اسپتالوںکے اچانک دوروں کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا، غیر حاضر عملے کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں