ورلڈ کپ کے لیے قومی ہاکی ٹیم کا اعلان 14 نومبر کو ہوگا

مالی مسائل سے دوچار قومی ٹیم 21 نومبر کو بھارت روانہ ہوگی


Muhammad Yousuf Anjum November 10, 2018
28 نومبر سے بھوبینشیور میں ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز ہوگا، فوٹو: فائل

ورلڈ کپ کے لیے قومی ہاکی ٹیم کا اعلان 14 نومبر کو ہوگا جس کے لیے سلیکٹرز نے ٹرائلز کا شیڈول فائنل کرلیا۔

لاہور میں ورلڈ کپ کے لیے جاری کیمپ میں اس وقت 25 کھلاڑی چیف کوچ توقیر ڈار، کوچز ریحان بٹ اور دانش کلیم کی نگرانی میں خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔کوچز کے مطابق پنالٹی کارنر کی ڈرلز کو زیادہ سے زیادہ کروارہے ہیں، دفاع پر بھی کام ہورہا ہے، گول کے مواقع گنوانے کی شرح کو کم کرنے کے لیے ہرممکن ٹریننگ کروائی جارہی ہے تاکہ ورلڈ کپ میں ٹیم اچھے نتائج دے سکے۔ دو روزہ ٹرائلز کا آغاز تیرہ نومبر کو ہوگا،سلیکشن کمیٹی کیمپ میں مدعو کردہ تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سےجائزہ لے کر میگاایونٹ کے لیے حتمی اٹھارہ کھلاڑیوں کی فہرست کو فائنل کرکے میڈیا کے سامنے ٹیم کا اعلان کرےگی۔

پروگرام کے مطابق قومی ٹیم 21 نومبر کوہمسایہ ملک کا سفر کرے گی۔ مالی مسائل سے دوچار قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے شوبز اسٹارز کےساتھ دوسرے شعبوں کی معروف شخصیات کو بھی کیمپ کا دورہ کرایا جارہاہے تاکہ یکجہتی کے اظہار کے ساتھ ٹیم کی مالی مدد میں بھی معاونت حاصل کی جاسکے۔

28 نومبر سے بھوبینشیور میں ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز ہوگا، قومی ٹیم کو گروپ ڈی میں رکھاگیاہے، جہاں پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی سے ہوگا، 5 نومبر کو ملائیشیا اور 9 نومبر کو ہالینڈ سے طے ہے۔ گروپ میں سے سب سے زیادہ پوائنٹس پانےوالی ٹیم کوارٹر فائنل میں جگہ پائے گی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر رہنے والی ٹیمیں کراس مرحلہ میں شرکت کی اہل ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔