نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان

کیویزسے سیریزکے اسکواڈ میں شامل وہاب ریاض کو جگہ خالی کرنا پڑگئی۔


Abbas Raza November 10, 2018
فخراورشاداب کیلیے آرام،سعدعلی منتخب، عثمان صلاح الدین بغیر کھیلے باہر۔ فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

نیوزی لینڈ سے2ٹیسٹ کی سیریز کیلیے15رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز میں تسلسل کے ساتھ عمدہ پرفارم کرنے والے شاہین آفریدی کو طویل فارمیٹ میں بھی آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،کینگروز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وہاب ریاض کو ڈراپ کردیاگیا۔

پاکستان کی پیس بیٹری محمد عباس، حسن علی،میر حمزہ اور شاہین آفریدی پر مشتمل ہوگی، آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 160 رنز اسکور کرتے ڈیبیو یادگار بنانے والے فخر زمان کے ساتھ شاداب خان کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دونوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کریں گے، کینگروز سے سیریز کیلیے اسکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود ایک میچ بھی نہ کھیل پانے والے عثمان صلاح الدین باہرہوگئے۔

یو اے ای میں ہی نیوزی لینڈ ''اے'' کیخلاف اچھی فارم میں نظر آنے والے سعد علی کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا، آسٹریلیا سے سیریز کیلیے 17رکنی اسکواڈ منتخب ہوا جس میں بعدازاں ایک اضافہ محمد رضوان کا ہوا تھا لیکن ان کا کردار سرفراز احمد کی انجری کے سبب متبادل وکٹ کیپر کا رہا، ان کو بھی زیر غور نہیں لایا گیا۔

نیوزی لینڈ سے سیریز کیلیے منتخب اسکواڈ میں محمد حفیظ، امام الحق،اظہر علی،حارث سہیل،اسد شفیق،بابر اعظم، سعد علی،کپتان سرفرازاحمد،یاسر شاہ، بلال آصف،محمد عباس، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور میر حمزہ شامل ہیں۔ 3ٹیسٹ کی سیریز کا پہلا میچ 16نومبر کو ابوظبی میں شروع ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں