ہمیں حق پرستی کی سزا دی جارہی ہے سردار احمد

وفاقی اداروں پر انحصار کم کیا جائے، آج قاتلوں کو پکڑنے والا کوئی نہیں، میڈیا سے گفتگو


Staff Reporter June 23, 2013
جرائم پیشہ کالعدم تنظیموں، گینگ وارکا اتحاد ریاستی اداروں سے زیادہ مضبوط ہے، اظہار الحسن۔ فوٹو پی پی آئی /فائل

KARACHI: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ آج ہمیں حق پرستی اور متحدہ قومی موومنٹ کا نام لینے کی سزا دی جارہی ہے۔

وفاقی، صوبائی حکومت اور ریاستی ادارے خدا کے واسطے کراچی میں جاری خون کی ہولی کا کھیل بند کرائیں ۔ ایوان میں یوم سوگ کے موقع پر سیاست اور معیشت کی بات کرنا غلط ہے۔ صوبے اب وفاقی حساس اداروں پر انحصار کے بجائے صوبے کی سطح پر اپنا نیٹ ورک قائم کریں اور اس میں تجربہ کار اور ایماندار افراد کو بھرتی کیا جائے ۔ یہ بات انھوں نے ہفتے کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ سید سردار احمد نے کہا کہ آج سوگ کا دن ہے ، جس کے گھر میں 2 جنازے اٹھیںاس گھر کی حالت گھر والوں سے زیادہ کون جان سکتا ہے ۔آج اسمبلی کا سیشن سوگ کے لیے تھا لیکن افسوس کہ کچھ پارلیمنٹرین نے اس میں بھی سیاست اور معیشت کی بات کی۔ انھوں نے کہا کہ 10 یا 30 سال سے جو کچھ ہو رہا ہے، اس کو نہیں بلکہ آج کیا ہو رہا ہے اس کو دیکھنا چاہیے ۔



سردار احمد نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردی کی روک تھام کے لیے ایک جامع قومی پالیسی مرتب دینی ہوگی اور اینٹی ٹیررسٹ پالیسی بنانی ہوگی ۔ سردار احمد نے کہا کہ کسی صوبے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے صوبے کی اپنی انٹیلی جنس ہونی چاہیے ۔ یوم سوگ پر ہم نے کسی کو جبری طور پر کاروبار یا ٹرانسپورٹ بند کرنے کا نہیں کہا تھا بلکہ لوگوں نے سوگ میں رضاکارانہ طور پر اپنا کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند کیا ہے۔ اس موقع پر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سید رضا حیدر اور سید منظر امام کے بعد ساجد قریشی ہمارے تیسرے رکن اسمبلی ہیں جنھیں ان سفاک اور وحشی دہشت گردوں نے شہید کردیا جنھیں کراچی میں قتل عام کا کھلا لائسنس دے دیا گیا ہے۔

آج ان قاتلوں کو گرفتار اور ان کو سزا دینے والا کراچی میں کوئی نہیں ہے اور یہ جرائم پیشہ کالعدم تنظیموں ، بھتہ خوروں ، گینگ وار اور دہشت گردوں کا اتحاد ہماری ریاستی اداروں سے زیادہ مضبوط ہے اور وہ ہمارے ریاستی اداروں سے زیادہ اسلحہ رکھتے ہیں۔ہم صدر پاکستان ، وزیراعظم پاکستان ، وفاقی وزیر داخلہ ، وزیر اعلیٰ سندھ ، سندھ اور سپریم کورٹ کے جسٹس صاحبان اور بالخصوص چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری سے اپیل کرتے ہیں کہ خدارا کراچی میں خون کی ہولی بند کرائیں اور ایم کیو ایم کے ساتھ جاری ریاستی آپریشن کا نوٹس لیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں