رائیونڈ اجتماع کا دوسرا مرحلہ مکمل ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں

اختتامی دعا میں وزیر مملکت شہریار خان آفریدی سمیت لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی

اختتامی دعا میں وزیر مملکت شہریار خان آفریدی سمیت لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی فوٹو:فائل

لاہور:
رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ مولانا ابراہیم کی خصوصی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی دعا میں وزیر مملکت شہریار خان آفریدی سمیت لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی اور ملکی ترقی، خوشحالی اور امن وامان کیلئے دعائیں مانگیں۔

تین روزہ رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ 8 سے 11 نومبر تک جاری رہا جس میں ڈی آئی خان، سوات، فیصل آباد اور کراچی ڈویژن سے لاکھوں کی تعداد میں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ تبلیغی اجتماع میں ملک و قوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نماز فجر کے بعد مولانا ابراہیم کی دعا کے ساتھ ہی اجتماع کا دوسرا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا۔ دعا کے دوران ہر آنکھ اشکبار تھی۔


دوسرے مرحلے میں ملکی اور غیرملکی علمائے کرام نے خصوصی خطبات دیئے۔ علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت بد اعمالیوں کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہے، ہر آدمی اپنا محاسبہ کرکے اپنے گریبان میں جھانکے، دنیا بہت بڑا دھوکا ہے، اللہ پاک کی قربت حاصل کرنے کیلئے دین پر چلنا ہوگا۔

امیر عالمی تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب علیل ہونے کے باعث اجتماع گاہ میں شرکت نہیں کرسکے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے اجتماع گاہ سے زائرین کے انخلا کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ رائیونڈ جانے والے تمام راستوں پر ڈائیورشن لگائی گئیں۔ رائیونڈ کوٹ رادھاکشن روڈ ، مانگاروڈ اور سندرروڈ پر یک طرفہ ٹریفک چلائی گئی۔
Load Next Story