جائیدادیں ڈیم فنڈ میں دینے والے 2 شہریوں کے اہلخانہ عدالت پہنچ گئے

شوہروں کا دماغی توازن ٹھیک نہیں، پلاٹ ڈیم فنڈ میں نہیں دینا چاہتے، بیویوں کی فریاد

ڈیم فنڈ میں کافی رقم جمع ہوگئی ہے، آپ کی پراپرٹی واپس کر دیں گے، چیف جسٹس کا جواب فوٹو:فائل

کروڑوں کی جائیدادیں ڈیم فنڈ میں دینے والے دو شہریوں کے اہل خانہ عدالت پہنچ گئے جب کہ درخواست پر چیف جسٹس نے جائیدادیں فنڈ میں لینے سے انکار کردیا۔


سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جائیداد فنڈ میں دینے والے شہری شاہد شیخ کی بیوی اور 3 بیٹے، اور ارشاد کی اہلیہ پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے شاہد شیخ کے بچوں اور بیوی کو چیمبر میں طلب کرلیا۔ عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے خاتون سے استفسار کیا کہ کیا آپ کے اپنے خاوند کے آپ کے ساتھ تعلقات ٹھیک ہیں؟ خاتون نے جواب میں کہا کہ جی تعلقات ٹھیک ہیں مگر ان کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے خاتون کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ آپ تسلی رکھیں، آپ کی جائیداد ڈیم فنڈ میں نہیں لیں گے، جائیداد بچوں کا شرعی حق ہے جو ان سے نہیں چھینیں گے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کل 8 جائیدادیں ہے، جو شاہد شیخ نے ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کیا تھا۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ڈیم فنڈ میں ساری جائیداد دینے والے شہری کا کسی اچھے ڈاکٹر سے چیک اپ کروایا جائے۔ دوسرے شہری ارشاد کی اہلیہ نے فریاد کی کہ خاوند کا ذہنی توازن درست نہیں ہے ہم اپنے پلاٹ ڈیم فنڈ میں نہیں دینا چاہتے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ فکر نہ کریں ڈیم فنڈ میں کافی رقم جمع ہوگئی ہے اور بھی ﷲ والے رقم جمع کرارہے ہیں ہم آپ کی پراپرٹی واپس کر دیں گے۔ چیف جسٹس نے شہری ارشاد کی جائیداد سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔
Load Next Story