پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کے باعث سانس لینا دشوار

فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں ، اسموگ کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات


News Agencies/Numainda Express November 12, 2018
حدنگاہ 800 میٹر ریکارڈ

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کی شدت ایک مرتبہ پھر بڑھ جانے کی وجہ سے فضا گرد آلود ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی پنجاب میں چاول کی فصل کی کٹائی کے بعد اسے آگ لگائے جانے کی وجہ سے گرد آلودہ ہواؤں کے باعث شہر کی فضا اسموگ کی لپیٹ میں آگئی ہے، دہلی بھی ان دنوں اسموگ کی لیپٹ میں ہیں۔ ڈائریکٹر موسمیات اجمل شاد کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں اپر پنجاب میں بادل رہیں گے لیکن بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جب کہ 2 سے 3 روز میں رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوجائے گا۔

لاہور،فیصل آباد، سرگودھا، گجرات، ملتان، ڈی جی خان سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بارش کا کوئی امکان نہیں ، راولپنڈی ڈویژن میں بادل نظر آنے کی وجہ سے صرف یہاں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ اسموگ بڑھنے سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے ،لاہور میں حد نگاہ 800 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں اسموگ میں اضافے کا خدشہ ہے ،لاہور، ملتان، بہاولپور، راجن پور، خانیوال، جہانیاں، وہاڑی، بورے والا اور میلسی سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں اسموگ کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ لاہور کی فضا میں 80 فیصد اسموگ اور 20 فیصد دھند ہے اور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13 اور زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں