کراچی میں بجلی کا ایک اور بڑا بریک ڈاؤن

شہر میں یہ ڈیڑھ ماہ کے دوران بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈاؤن ہے۔


ویب ڈیسک November 12, 2018
شہر میں یہ ڈیڑھ ماہ کے دوران بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈاؤن ہے۔ فوٹو:فائل

بجلی کے ایک اور بڑے بریک ڈاؤن کے نتیجے میں شہر قائد کا 70 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں علی الصبح 7 بجے ہونے والے بریک ڈاؤن سے ڈیفنس، گارڈن، بفرزون، ناظم آباد، گلشن حدید، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، ایف بی ایریا، شاہ فیصل کالونی، پی ای سی ایچ ایس، محمود آباد، بہادر آباد، کلفٹن گلستان جوہر، صدر اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے صبح سویرے شہریوں کو تعلیمی اداروں اور کام کاج پر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی میں بجلی کی ترسیل کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ہے کہ نیشنل گرڈ سے بھی سپلائی منقطع ہے اور ٹرپنگ کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی متاثر ہے، تاہم بجلی کی بحالی کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔

بجلی کی ترسیل کے قومی ادارے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی ( این ٹی ڈی سی) کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آج شدید دھند کی وجہ سے سدرن ریجن میں جہاں سے 'کے الیکٹرک' کو نیشنل گرڈ سے سپلائی جاتی ہے وہاں ٹرپنگ شروع ہوئی، مگر کے الیکٹرک کا اپنا سسٹم بھی ٹرپ کرگیا جس کے باعث کراچی میں بجلی کی سپلائی کے مسائل پیدا ہوئے، تاہم این ٹی ڈی سی کا باقی سسٹم پورے پاکستان میں بحال ہے۔

واضح رہے کہ شہر میں یہ ڈیڑھ ماہ کے دوران بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈاؤن ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں