بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

130 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی


ویب ڈیسک June 23, 2013
بہترین آل راؤنڈ پرفارمنس پر رویندرا جدیجا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر شیکھر دھون کو مین آف دی سیریز سے نوزا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت نے میزبان انگلینڈ کو 5 رنز سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم میچ کو بارش کے باعث 20،20 اوورز تک محدود کرنا پڑا، بھارت نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ ویرات کوہلی نے 43 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ شیکھر دھون 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما 9، دنیش کارتھک 6، اشون ایک اور سریش رائنا ایک بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ رویندرا جدیجا 33 اور بھونیشور کمار ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے روی بوپارا 3 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے جبکہ اسٹارٹ براڈ، جیمز انڈرسن اور جیمز ٹریڈویل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

130 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی، اننگز کی شروعات سے ہی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث انگلینڈ کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور ایون مورگن کے 33 اور روی بوپارا کے 30 رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ دیگر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں کپتان ایلسٹر کک 2، ای این بیل 13، جوناتھن ٹراٹ 20، جوئے روٹ 7 اور ٹم بریسنن 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اسٹارٹ براڈ 7 اور جیمز ٹروڈویل 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کے رویندرا جدیجا، اشانت شرما اور اشون نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ امیش یادؤ ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ بہترین آل راؤنڈ پرفارمنس پر رویندرا جدیجا کو مین آف دی میچ اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر شیکھر دھون کو مین آف دی سیریز سے نوزا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں