اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے حماس رہنما سمیت 7 فلسطینی نوجوان شہید

اسرائیل کے خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے حماس کے مقامی رہنما نور الدین براکا کو ٹارگٹ کرکے شہید کیا

فلسطینی نوجوانوں کو فوجی آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ فوٹو : فائل

غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے حماس کے مقامی رہنما سمیت 7 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، غزہ کی پٹی پر فوجی آپریشن کے نام پر قابض فوج نے 6 بے گناہ فلسطینی نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔

قبل ازیں اسرائیل کے خفیہ ادارے کے سادہ لباس میں ملبوس کار سوار اہلکاروں نے سرحد عبور کر کے خان یونس کے علاقے میں حماس کے مقامی رہنما نور الدین براکا کو فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا۔ فلسطین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔


حماس کے مقامی رہنما شہید نور الدین براکا کی غمزدہ ماں


ادھر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر فلسطینی مزاحمت کاروں نے سرحد عبور کر کے فوجی چوکی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا جس کے بعد اس علاقے میں فوجی آپریشن کیا گیا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے گزشتہ شب فلسطینی بستیوں پر 7 راکٹ بھی داغے، حماس نے 7 میں سے 3 راکٹوں کو مار گرایا، راکٹ حملے میں جانی یا مالی نقصان ہونے سے متعلق تاحال کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔
Load Next Story