برطانیہ نے پاکستان سمیت 6 ممالک کی ویزہ فیس میں 3 ہزارپاؤنڈز کا اضافہ کردیا

نئی پالیسی کا اطلاق بھارت، بنگلا دیش، سری لنکا، نائجیریا اور گھانا پربھی ہو گا اوراس کا نفاذ نومبر سے کیا جائے گا


AFP June 23, 2013
پالیسی کے تحت نومبر سے ان ممالک کے شہریوں کو برطانیہ کے 6 ماہ کے وزٹ ویزہ کےلیے 3 ہزار پاؤنڈز کی اضافی رقم جمع کرانا ہوگی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: برطانیہ پاکستان سمیت کچھ دوسرے ایشیائی اور افریقی ممالک کے لئے نئی ویزہ پالیسی تیار کر رہا ہے جس کے تحت ان ممالک کے شہریوں کو برطانیہ میں داخل ہونے کے لیے 3 ہزار پاؤنڈز کی اضافی رقم جمع کرانا ہوگی۔

برطانوی اخبار ''دی سنڈے ٹائمز'' نے انکشاف کیا ہے کہ برطانیہ ایشیا اور افریقا کے6 ممالک کے لیے اپنے ویزہ منصوبے میں بڑے پیمانےپرتبدیلی کر رہا ہے، پالیسی کا مقصد برطانیہ میں ان ممالک کے لوگوں کی جانب سے ویزہ مدت ختم ہونے کے بعد بھی ان کے زائد قیام کوروکنا ہے، نئی پالیسی کا اطلاق پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، نائجیریا اور گھانا پر ہو گا، پالیسی کے تحت نومبر سے ان ممالک کے شہریوں کو برطانیہ کے 6 ماہ کے وزٹ ویزہ کےلیے 3 ہزار پاؤنڈز کی اضافی رقم جمع کرانا ہوگی، ان ممالک کےشہری اگر ویزہ میعاد ختم ہونے کے باوجود بھی برطانیہ میں رہتے ہیں تو ان کی جمع شدہ رقم ضبط کر لی جائے گی۔

اخبار کے مطابق نئی پالیسی برطانوی وزیرداخلہ نے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے اس حکم کے تحت تیار کی جس میں کہا گیا تھا کہ باہر سے برطانیہ آنے والے افراد کی تعداد میں کمی کی جائے، برطانوی وزیراعظم 2015 تک برطانیہ میں آنے والے غیر ملکیوں کی تعداد ایک لاکھ سے کم کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال برطانیہ نےبھارت کے 2 لاکھ 96 ہزار ، نائجیریا کےایک لاکھ سے زائد، پاکستان کے 53 ہزار،سری لنکا اور بنگلہ دیش کے 14 ہزار افراد کو ویزہ جاری کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں