کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھ کر انہیں قومی دھارے میں شامل کریں گے نریندرمودی

بندوق اور گولی سے کسی کی بھلائی نہیں بلکہ صرف لوگوں کا خون بہتا ہے، نریندر مودی


ویب ڈیسک June 23, 2013
کشمیری نوجوان بھارت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور ہمیں ان کو یہ موقع فراہم کرنا ہو گا، نریندر مودی فوٹو: اے ایف پی/ فائل

بھارتی ریاست گجرات کے وزیراعلیٰ نریندر مودی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اقتدار میں آ کر کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھ کر کشمیری نوجوانوں کو قومی دھارے میں لائے گی۔

بھارتی پنجاب کے علاقے پٹھان کوٹ میں ایک ریلی سے خطاب کے دوران نریندر مودی نے کہا کہ کشمیری نوجوان بھارت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور ہمیں ان کو یہ موقع فراہم کرنا ہو گا، ان کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اٹل بہاری واجپائی کشمیری عوام کے دل محبت، خلوص اور بات چیت کے ذریعے جیتنا چاہتے تھے اور اگر 2004 کے انتخابات میں ہماری جماعت اقتدار میں آتی تو وہ اپنے اس مقصد میں ضرور کامیاب ہوتے لیکن جو کام انہوں نے نامکمل چھوڑا تھا اسے اب اقتدار میں آ کر بی جے پی پورا کرے گی، نریندر مودی نے مزید کہا کہ بندوق اور گولی سے کسی کی بھلائی نہیں بلکہ صرف لوگوں کا خون بہتا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بی جے پی نے نریندر مودی کوآئندہ سال بھارت میں ہونے والے انتخابات کے لئے پارٹی کی انتخابی مہم کے لئے بنائی گئی کمیٹی کا صدر منتخب کیا ہے جب کہ انہیں بھارت میں کچھ حلقے 2002 میں گجرات میں ہوئے مسلمانوں کے قتل عام کا ذمے دار بھی ٹھہراتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔