ایکسپریس ٹیم سے لوٹ مار کیخلاف صحافیوں کے مظاہرے

حکمراں عوام کے تحفظ میں ناکام ہو گئے، ملزمان کی گرفتاری ،مال برآمد کرنے کا مطالبہ


ایکسپریس نیوز کی ٹیم سے لوٹ مار کے خلاف ٹنڈو محمد خان کے صحافی مظاہرہ کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

GILGIT: ایکسپریس نیوز حیدرآباد کے بیورو چیف اور ان کی ٹیم سے ٹھٹھہ کے علاقے چلیا میں لوٹ مار کے خلاف زیریں سندھ کے شہروں میں صحافیوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔

بدین پریس کلب اور ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جس میں بدین کی سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ پریس کلب کے صدر اللہ رکھیو و دیگر نے ایکسپریس نیوز کی ٹیم سے لوٹ مار کے واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ سندھ میں لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں اور ان میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ شرکاء نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ٹنڈو محمد خان پریس کلب کی جانب سے صدر عبدالکریم شیخ، غلام نبی کیریو و دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین لوٹ مار کی واردات کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ حکمران عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں اور صحافیوں تک کو لوٹا جا رہا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ایکسپریس نیوز کی ٹیم سے لوٹ مار کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور لوٹا ہوا سامان واپس کروایا جائے۔ تلہار میں بھی، ایکسپریس نیوز حیدرآباد بیورو کی ٹیم سے لوٹ مار کے واقعہ کے خلاف صحافیوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اورملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ٹھٹھہ میں ایکسپریس نیوز کی ٹیم کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے خلاف صحافیوں نے ٹھٹھہ اور مکلی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے۔



مظاہرے میں پریس کلب کے عہدیدار عثمان میمن، حسن بیگ، ثمر حسن، ایم کیو ایم کے رہنما عیسیٰ جوکھیو، پی ٹی آئی کے فضل شاہ، شیرازی اتحاد کے احمد خان خشک و دیگر بھی شریک تھے۔ مقررین نے چلیا میں ایکسپریس نیوز حیدرآباد کے بیورو چیف اور ان کی ٹیم کے ساتھ لوٹ مار کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ چوہڑ جمالی میں بھی شاہ بندر پریس کلب اور سندھ صحافی سنگت کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، جس میں صحافی محمد صدیق میمن، حمید اللہ میمن و دیگر نے ایکسپریس نیوز حیدرآباد بیورو کی ٹیم سے لوٹ مار کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

علاوہ ازیں سجاول سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ نون کے رکن سندھ اسمبلی شاہ حسین شاہ شیرازی نے ایکسپریس نیوز حیدرآباد بیورو کی ٹیم کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ ٹنڈوحیدر میں بھی پریس کلب کے صدر شاہد خانزادہ کی زیر قیادت پریس کلب کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایکسپریس نیوز حیدرآباد بیورو کی ٹیم کے ساتھ لوٹ مار کے واقعہ کے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں