مولانا سمیع الحق کے سیکرٹری احمد شاہ لاپتہ

احمد شاہ کا موبائل فون بھی مسلسل بند، رابطہ نہ ہونے پر لواحقین اور قریبی حلقے پریشان

احمد شاہ کا موبائل فون بھی مسلسل بند، رابطہ نہ ہونے پر لواحقین اور قریبی حلقے پریشان فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
جمعیت علماء اسلام (س) کے شہید رہنما مولانا سمیع الحق کے سیکرٹری احمد شاہ لاپتہ ہوگئے۔

جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو راولپنڈی میں ان کی رہائش گاہ پر خنجروں کے وار کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ مولانا سمیع الحق کے سیکرٹری احمد شاہ اکوڑہ خٹک میں اپنی رہائش گاہ سے پراسرار طور پر چار دن سے لاپتہ ہیں۔

وہ مولانا کی زندگی میں آخری وقت تک ان کے ساتھ رہے اور ان کا موبائل فون بھی مسلسل بند مل رہا ہے جب کہ رابطہ نہ ہونے پر لواحقین اور قریبی حلقے تشویش کا شکار ہیں۔


یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا مولانا سمیع الحق کے قتل کی فوری تحقیقات کا حکم

سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ احمد شاہ سے تین چار دن سے رابطہ نہیں، پولیس اور کئی دیگر ادارے مقدمے کی تحقیقات کر رہے ہیں، ممکن ہے ان میں سے کسی نے تفتیش کے لیے بلایا ہو، تھانہ ائیرپورٹ میں مولانا سمیع الحق کے حوالے سے درج مقدمے میں پولیس سے بھرپور تعاون کیا جارہا ہے۔

ادھر راولپنڈی پولیس کے سینئر آفیسر کا کہنا ہے کہ پولیس نے سید احمد شاہ کو تحویل میں نہیں لیا جبکہ تفتیش آگے بڑھانے کے لیے ان کی سخت ضرورت ہے۔
Load Next Story