پی ایس ایل فور کیلیے کرکٹرز کا حتمی فیصلہ آفریدی نے کراچی کنگز کو چھوڑ دیا

ٹی ٹین لیگ سے معاہدے کی وجہ سے شاہد آفریدی کا فرنچائز سے ناطہ ٹوٹ گیا


Sports Reporter November 14, 2018
شاہد آفریدی نے ٹی 10 لیگ کے معاملے پر اختلاف کے باعث کراچی کنگز کو چھوڑا (فوٹو: سوشل میڈیا)

پی ایس ایل فور ڈرافٹ سے قبل ٹیموں نے پالیسی کے تحت 8 سے 10 تک کرکٹرز کو برقرار رکھتے ہوئے دیگر کرکٹرز کو ریلیز کردیا، شاہد آفریدی نے ٹی 10 لیگ کے معاملے پر اختلاف کے باعث کراچی کنگز کو چھوڑ دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ایس ایل فور کے لیے تمام 6 ٹیموں نے برقرار رکھے جانے والے کرکٹرز کا فیصلہ کرلیا، دیگر کا انتخاب 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے ڈرافٹ میں کرتے ہوئے اسکواڈز مکمل کرلیے جائیں گے۔ ہر فرنچائز کو زیادہ سے زیادہ 10 کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت تھی، سب نے اپنی سہولت کے مطابق فیصلہ کرتے ہوئے 8 سے 10 تک کرکٹرز کو فہرست میں شامل کیا۔

کراچی کنگز نے 8 کرکٹرز کو برقرار رکھا، ٹی ٹین لیگ سے معاہدے کی وجہ سے شاہد آفریدی کا فرنچائز سے ناطہ ٹوٹ گیا، پلاٹینم کیٹیگری میں محمد عامر، بابر اعظم اور کولن منرو شامل ہیں، کولن انگرام (ڈائمنڈ، ایمبیسیڈر)، عثمان خان شنواری، عماد وسیم(ڈائمنڈ)، روی بوپارا اور محمد رضوان(گولڈ) کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ پلاٹینم کیٹیگری میں شامل آفریدی کے ساتھ اسامہ میر، خرم منظور، مچل جونسن، لیوک رائیٹ، ڈیوڈ ویز، تابش خان، محمد عرفان جونیئر، حسن محسن، ایون مورگن اور سیف اللہ بنگش کو ریلیز کردیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ (گزشتہ برس کی فاتح ٹیم) نے سب سے زیادہ 10 کرکٹرز کو برقرار رکھا، ان میں پلاٹینم کیٹیگری میں شامل تینوں کھلاڑی لیوک رونکی، شاداب خان اور فہیم اشرف شامل ہیں، محمد سمیع اور آصف علی(ڈائمنڈ)، رومان رئیس (ڈائمنڈ سے گولڈ تنزلی)، حسین طلعت (سلور، ایمبیسیڈر)، صاحبزادہ فرحان، ظفر گوہر اور وقاص مقصود (سلور) بھی موجود رہے۔فرنچائز نے گزشتہ 3ا یڈیشنز کے کپتان مصباح الحق، پال ڈومینی، آندرے رسل، سیموئیل بدری، افتخار احمد، عماد بٹ، سیم بلنگز، الیکس ہیلز، ڈیوڈ ویلی، محمد حسن، محمد حسنین، سمت پٹیل اور روحیل نذیر کو ریلیز کردیا۔

لاہور قلندرز نے 8 کرکٹرز کو برقرار رکھا، پلاٹینم کیٹیگری میں فخر زمان اور ڈائمنڈ میں یاسر شاہ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اینٹن ڈیوچ، راحت علی( گولڈ) ، شاہین شاہ آفریدی (ایمبیسیڈر، تنزلی کے بعد سلور)، حسان خان، آغا سلمان، سہیل اختر (سلور) بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ قلندرز نے کوئٹہ کے ساتھ ٹریڈنگ کرتے ہوئے عمراکمل اور سنیل نارائن کے بدلے میں حسان خان اور راحت علی کو لیا تھا۔ فرنچائز نے برینڈن میک کولم، کیمرون ڈیلپورٹ، عامر یامین، بلاول بھٹی، غلام مدثر، انجیلو میتھیوز، مچل میلینگان اور گلریز صدف کو ریلیز کیا گیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 9 کرکٹرز کو برقرار رکھا، کپتان سرفراز احمد کے ساتھ ٹریڈنگ میں حاصل ہونے والے سنیل نارائن پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں، آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن مینٹور اور ڈائمنڈ پلیئر ہوں گے، ملتان سلطانز سے حاصل کیے جانے والے سہیل تنویر کے ساتھ محمد نواز (ڈائمنڈ)، رلی روسو (ایمبیسیڈر، گولڈ) عمر اکمل (گولڈ)، انور علی اور سعود شکیل (سلور) بھی برقرار رہے، انور علی کی گولڈ سے تنزلی ہوگئی۔ ریلیز کیے جانے والے کھلاڑیوں میں کیون پیٹرسن، محمود اللہ، عمر امین، میر حمزہ، اسد شفیق، بریتھ ویٹ، رمیز راجہ جونیئر، سعد علی، راشد خان، اعظم خان، کرس گرین، کوہلر کیڈمور، بین لافلین، جیسن رائے، جان ہیسٹنگز، کارلوس بریتھ ویٹ اور فراز احمد خان شامل ہیں۔

پشاور زلمی نے 8 کرکٹرز کو برقرار رکھا، پلاٹینم کیٹیگری میں صرف پیسرز وہاب ریاض اور حسن علی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ڈیرن سیمی (ڈائمنڈ) اور کامران اکمل (ایمبیسیڈر، ڈائمنڈ) بھی شامل ہیں، لیام ڈاؤسن (گولڈ)، عمید آصف،خالد عثمان (سلور)اور ثمین گل (ایمرجنگ) بھی برقرار رکھے گئے۔ کامران اکمل کی تنزلی ہوئی لیکن ایمبیسیڈر بناکر تلافی کردی گئی۔ محمد حفیظ، شکیب الحسن، حارث سہیل، کرس جورڈن، محمد اصغر، ڈیوائن براوو، تمیم اقبال، حماد اعظم، سعد نسیم، تیمور سلطان، ابتسام شیخ، آندرے فلیچر، ایون لیوس اور محمد عارف کو ریلیز کردیا گیا۔

سابق ملتان سلطانز اور موجودہ پی ایس ایل کی ''چھٹی ٹیم'' میں 8 کرکٹرز برقرار رہے، پلاٹینم کیٹیگری میں صرف شعیب ملک کو دوبارہ شامل رکھا گیا، پلاٹینم کیٹیگری سے تنزلی کے بعد محمد عرفان کو ڈائمنڈ پلیئر اور ایمبیسیڈر کے طور پر رکھا گیا، جنید خان بھی اسی کیٹیگری میں ہوں گے، شان مسعود (گولڈ)، محمد عباس، محمد عرفان خان اور عمر صدیق (سلور) اور محمد جنید (ایمرجنگ) کیٹیگری میں ہیں۔ کیرون پولارڈ، کمار سنگا کارا، صہیب مقصود، کاشف بھٹی، نکولس پوران، عبداللہ شفیق، سیف بدر، ہارڈس ولجوئین، عمر گل اور روز وائیٹلی کو ریلیز کردیا گیا۔ پی ایس ایل قواعد وضوابط کے مطابق ہر 16 رکنی اسکواڈ میں پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹیگری کے 3،3 جبکہ 5 سلور اور 2 ایمرجنگ کرکٹرز شامل کیے جا سکتے ہیں۔تمام ٹیمیں اپنے باقی پلیئرزکا انتخاب اسی فارمولے کے تحت ڈرافٹ میں کریں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری کو رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ یو اے ای میں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں