واٹر بورڈ نے کنڈیوٹ کی 2 ایکڑ اراضی واگزار کرا لی

قبضہ مافیانے زمین پر مویشیوں کے باڑے بنا لیے تھے، کارروائی رات گئے تک جاری تھی


Staff Reporter November 14, 2018
واٹر بورڈ کی قیمتی اراضی واگزارکرانے کیلیے آپریشن وسیع کیا جائے، ایم ڈی واٹربورڈ۔ فوٹو: فائل

واٹربورڈ کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ تابش رضا حسنین نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے واٹربورڈ کے ڈیمالیشن اسکواڈکے ساتھ گلشن اقبال بلاک 10 اے میں کارروائی کرتے ہوئے واٹربورڈ کی 84 انچ قطر کی کنڈیوٹ کے اوپر تعمیر کیے گئے کمرے ،گیلریاں اور جنگلے،قبضہ کی نیت سے بنائی گئی گرین بیلٹ کو مسمار کرکے تقریباً 2 ایکڑ اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرالی ہے۔

کراچی کو پانی فراہم کرنے والی اہم کنڈیوٹ پر قبضہ مافیا نے کئی فٹ گہرے سیوریج کے کنویں بھی تعمیر کررکھے تھے جس سے کنڈیوٹ کو شدید خطرات لاحق ہوگئے تھے جبکہ قبضہ کرنے کیلیے اراضی پر لان بنائے گئے تھے جس پر مویشی پالے جارہے تھے۔

منگل کی صبح شروع ہونے والی کارروائی رات گئے تک جاری تھی، آپریشن کے دوران واٹربورڈ حکام کے ساتھ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو عرفان مرفانی اور پولیس کی نفری بھی موجود تھی جبکہ واٹربورڈ کے ایگزیکٹو انجینئر کے ڈی سول ون عمران عبداللہ بھی کارروائی میں شریک تھے۔

ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے واٹربورڈ کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ شہر اور مضافات میں واٹربورڈ کی قبضہ کی گئی اراضی واگزار کرانے کے لیے جاری کارروائی وسیع کی جائے واٹربورڈ دباؤ برداشت کیے بغیر قبضہ کی گئی تمام اراضی واگزار کرائے گا مزاحمت کرنے والے افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج کرایا جائے گزشتہ دنوں بھی گلستان جوہر میں قبضہ مافیا سے قیمتی اراضی واگزار کرائی گئی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں